یورپی یونین نے افغان زلزلہ متاثرین کیلئے 36 ٹن امدادی سامان پہنچا دیا
کابل (این این آئی)یورپین یونین نے افغانستان میں 22 جون کو آنے والے زلزلے کے متاثرین کے لیے 36 ٹن امدادی سامان پہنچا دیا ہے۔انسانی ہمدردی کے تحت بھیجے جانے والے اس امدادی سامان میں طبی آلات، ادویات، امدادی اشیاء ، پینے کے صاف پانی کا سامان اور صفائی ستھرائی کی چیزیں شامل ہیں۔یہ سامان اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف، عالمی ادارہ صحت اور بین الاقوامی امدادی تنظیم ایم ایس ایف کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔اس حوالے سے مزید گفتگو کرتے ہوئے یورپین کمشنر برائے کرائسز مینجمنٹ جینز لینارکیچ نے کہا کہ یورپین یونین نے کابل کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یہ 20ویں پرواز بھیجی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان وسیع پیمانے پر پھیلی ہوئی بھوک سے لے کر ملک کی آدھی آبادی کو متاثر کرنے والے طاقتور زلزلے تک بیک وقت کئی بحرانوں سے متاثر ہے۔ اس لیے یورپین یونین اس نازک وقت میں امداد کی فراہمی اور اس میں اضافے کے ذریعے افغان عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔یاد رہے کہ افغانستان میں آنے والے حالیہ زلزلے میں ایک ہزار کے قریب افراد ہلاک اور 3 ہزار 700 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔یورپین یونین کے مطابق 2022 کے دوران افغانستان کے لیے مختلف طرح کی امداد کی مد میں 115 ملین یورو مختص کیے گئے ہیں۔