حج 2022‘ عازمین کیلئے درجنوں بلڈ بنک قائم
ریاض(آئی این پی) سعودی عرب میں حج کے موقع پر عازمین حج کے لیے بڑی تعداد میں بلڈ بینکس اور لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں، تمام لیبارٹریوں کو ای ہاسپٹل سسٹم سے مربوط کردیا گیا ہے۔سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت نے مشاعر مقدسہ (منیٰ، مزدلفہ و عرفات) کے اسپتالوں میں بلڈ بینک اور مریض عازمین کی سہولت کے لیے لیبارٹریاں قائم کی ہیں۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ منیٰ، مزدلفہ، عرفات، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ہسپتالوں میں 23 لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں جبکہ 36 بلڈ بنک کھولے گئے ہیں۔علاوہ ازیں مشاعر مقدسہ کے ہسپتالوں کی لیبارٹریوں کو ای ہاسپٹل سسٹم سے مربوط کردیا گیا ہے تاکہ لیبارٹری ٹیسٹ کے نتائج درست ہوں اور دقیق ترین سسٹم کے مطابق نتائج برآمد ہوں۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مشاعر مقدسہ کی لیبارٹریوں کو ای سپیشلسٹ سسٹم سے بھی مربوط کیا گیا ہے، اس سے ان کی افادیت مؤثر اور زیادہ ہوگئی ہے۔