عیدالاضحی : لاہور سمیت پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ہائی الرٹ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) عیدالاضحی کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب کے تمام ہسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا اور عید پر چھٹیوں کے دوران کرونا مریضوں کیلئے تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق عیدالاضحی کے دوران 24 گھنٹے فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ محکمہ صحت نے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز‘ نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی دستیابی کو ممکن بنایا جائے اور عید پر چھٹیوں کے دوران کرونا مریضوں کیلئے تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔ محکمہ صحت نے کرونا کنسلٹنٹ کی کرونا وارڈ میں دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں کے آپریشن تھیٹرز اور ایمرجنسی کو مکمل فعال رکھا جائے۔ محکمہ صحت نے ہسپتالوں کے سربراہوں کو سختی سے مراسلہ پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت جاری کی۔