پاکستان ہاکی فیڈریشن پر ایڈ ہاک لگانے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس بورڈ نے ہاکی فیڈریشن پر ایڈہاک لگانیکا فیصلہ کرلیا۔ ڈی جی پی ایس بی آصف زمان نے کہا ہے کہ اب روزہ مرہ کے معاملات ایڈہاک کمیٹی چلائے گی، ہاکی فیڈریشن عہدیداروں کی مدت ختم ہونے پر الیکشن نہیں کرائے گئے،قومی ٹیم پروگرام کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لے گی۔ عہدیداروں کے ڈی نوٹیفائی ہونے کا اثر ٹیم پر ہرگز نہیں پڑے گا۔ہاکی ٹیم کے ارکان ، دو کوچز اور ایک فزیو کو سپانسر کررہے ہیں۔کامن ویلتھ دستے کے 61 ممبران کو ائرٹکٹ اور ڈیلی الاؤنس دیں گے۔ رہ جانے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کا خرچہ پی او اے یا فیڈریشن اٹھائے، سپورٹس پالیسی منسٹری بناتی ہے، عملدر آمد پی ایس بی نے کرانا ہے، کام میں غلطیاں ہوں گی، بلینڈر نہیں کریں گے، پاکستان سپورٹس کو ٹھیک کرنے کیلئے لانگ ٹرم پالیسی اپنانا پڑے گی۔پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں ہمارے لیے مشکل ہو گی لیکن ہم سب کو حیران کرنے کی کوشش کریں گے۔ حقیقت پسندانہ بات کی جائے تو پاکستان ٹیم کیلئے کامن ویلتھ گیمز میں بہت مشکل ہو گی کیونکہ کامن ویلتھ گیمز میں اس وقت ہم سب سے کم رینکنگ کی ٹیم ہیں، ہم میدان میں ہر ممکن فائٹ کریں گے لیکن میںحیران کن چیزیں نہیں کر سکتا۔مجھے امید ہے کہ کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں گے، کامن ویلتھ گیمز میں ہر ٹیم ہمیں ٹف ٹائم دیگی، اسی چیلنج کا ہمیں سامنا ہے لیکن ہم حریف ٹیموں کو چیلنج کریں گے یہی ہماری ذمہ داری ہے، ہم کامن ویلتھ گیمز میں سب کو حیران کرنے کی کوشش کریں گے۔سپورٹس سائنسز کے مطابق کامن ویلتھ گیمزکی تیاری کیلئے میرے پاس وقت کم ہے، میں تاخیر سے کیمپ میں پہنچا ہوں لیکن کھلاڑی ناممکن کو ممکن بنا سکتے ہیں، کوشش ہو گی کہ عید کی چھٹیوں کے بعد جو وقت ملے اس سے فائدہ اٹھائیں۔موسم کے فرق کے اثرات کے بارے میں کہا کہ برمنگھم میں موسم مختلف ہو گا جو کہ ہمارے لیے آئیڈیل نہیں ہے، غیر ملکی ٹیمیں جب یہاںآتی ہیں تو انہیں بھی مختلف کنڈیشنز کا سامنا ہوتا ہے، کنڈیشنز کا مختلف ہونا کھیل کا حصہ ہے ہمیں ان کے مطابق خود کو ڈھالنا ہے، ہمیں بس میدان میں اچھا کھیلنا ہے اور اپنا بہترین دینا ہے، موسم کی معذرت پیش نہیںجا سکتی، بس ہمیں میدان میں حریف ٹیم کے خلاف اچھا کھیل پیش کرنا ہے۔