• news

ملک بھر میں  آج عید الا ضحی عقیدت و احترام سے منا ئی جا ئیگی 


اسلام آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ این این آئی+خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں آج عیدالاضحی عقیدت و احترام سے منائی  جائے گی۔ چھوٹے بڑے شہروں میں نمازعید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوں گے جس کے بعد لوگ سنت ابراہیمی کی پیروی میں اللہ کی راہ میں جانور قربان کریں گے۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عید الاضحی کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ کی سلامتی، ملک کی ترقی و خوشحالی، کشمیر کی آزادی اور عالمی وباء کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ حکومت کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کرونا وباء کے پیش نظر ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔ دوسری جانب  امریکا، کینیڈا، برطانیہ، سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک  میں عید الاضحیٰ منا ئی گئی۔ مسلمانوں کی جانب سے لاکھوں جانوروں کو سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے قربان کیا گیا۔ ہفتہ کو امریکا، برطانیہ، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ممالک میں ہفتہ 9 جولائی کو عید الاضحیٰ منا ئی گئی۔  سعودی عرب میں نماز عہد کے بڑے اجتماعات مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبویؐ میں ہوئے، جہاں بڑی تعداد میں نمازیوں نے نماز عید ادا کی۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نماز عید کے روح پرور مناظر دیکھے گئے ہیں۔ شاہی خاندان کے ارکان، علماء  و شیوخ نے نماز عید میں شرکت کی۔ اس موقع پر اسلام کی سر بلندی، امت مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن