تمام اضلاع میں کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راو¿ سردار علی خان نے عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہم شاہرات اور حساس مقامات کے گردونواح میں ڈولفن، پیرو اور دیگر پٹرولنگ فورسز کے گشت کا دورانیہ بڑھایا جائے اورنماز عید اجتماعات کی سکیورٹی کےساتھ ساتھ تفریحی مقامات کی سکیورٹی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ لاہور راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانولہ سمیت بڑے شہروں میں ٹریفک پولیس کے افسران فیلڈ میں متحرک نظر آئیں۔ ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کرنے والوں کےخلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے جبکہ عید کی چھٹیوں میں پتنگ بازی کےخلاف سخت کریک ڈاو¿ن کیا جائے۔تمام اضلاع میں کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور قربانی کی کھالیں اور چندہ اکٹھا کرنے والی کالعدم تنظیموں کےخلاف بلا تاخیر کاروائی کی جائے۔ آئی جی پنجاب نے سی ٹی ڈی اور اسپیشل برانچ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کو جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دی کہ خوشی کے تہوار کے موقع پر پنجاب پولیس کے شہداءاور انکی فیملیز کو بھی خوشیوں میں شامل کریں اور عید کی ڈیوٹی کےساتھ ساتھ افسران شہداءکے گھروں کے دورے بھی کریں۔