ملکی سلامتی کےلئے جان قربان کرنےوالے پولیس شہداءہمارا فخر ہیں: خرم دستگیر
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)پولیس شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے سلسلے میں کمشنر آفس میں پروقار تقریب ہوئی جس میں محکمہ پولیس کے چار شہدا کے لواحقین میں شہید پیکج کے چیک تقسیم کئے گئے ۔تقریب میں وفاقی وزیر توانائی انجینئرخرم دستگیر، اراکین اسمبلی منشاءاللہ بٹ‘ میاں شاہد حسین بھٹی، کمشنر منصور قادر، آر پی او ڈاکٹرعابد خان، سی پی او رائے اعجاز اور شہداءکے لواحقین نے شرکت کی وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ ‘ملکی سلامتی کے لئے جان قربان کرنے والے ہمارا فخر ہیں،قوم ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، ریاست پاکستان ان شہداءکے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی کمشنر منصور قادر نے کہا کہ امن وامان اور ملکی سلامتی کی خاطر جان دینا بہادری کا اعلی ترین درجہ ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر عابد خان اور سی پی او رائے اعجاز احمد نے کہا کہ شہداءپولیس کے لواحقین کی خدمت عبادت سمجھ کر کریں گے تقریب میں جن شہداءکے لواحقین میں شہید پیکیج کے چیک تقسیم کئے ان میں سیالکوٹ سے شہید کانسٹیبل محمد جاوید کی بیوہ مقدس فردوس کو تیس لاکھ روپے‘ حافظ آباد سے شہید کانسٹیبل دلبر رزاق کے والد محمد رزاق کو دس لاکھ روپے اور بیوہ مریم بی بی کو تیس لاکھ روپے‘ گجرات سے شہید کانسٹیبل محمد علی کی دو بیواﺅں صفیہ بی بی اور عابدہ علی کو بیس بیس لاکھ روپے جبکہ گجرات سے شہید کانسٹیبل عدنان احسان کے ورثاءمیں ایک کروڑ کے چیک تقسیم کئے گئے۔
جن میں83 لاکھ33 ہزار روپے شہید کی بیوہ کنول بی بی اور16لاکھ66ہزار کا چیک شہید کے والد احسان اللہ نے وصول کیا۔