عوام ایام عید میں شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں ـ:سائرہ عباسی
بہاول پور(نامہ نگار) پیپلزپارٹی ڈویژن بہاول پور شعبہ خواتین کی صدر وسابق مشیرگورنرپنجاب نوابزادی سائرہ عباسی نے محب وطن عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور مشکوک افراد و اشیا کی بروقت انتظامیہ کو نشاندہی کرکے اپنا ملی و قومی فریضہ ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہاکہ عید الاضحی امت مسلمہ کیلے امن ، محبت اور یکجہتی کا پیغام لاتی ہے اور اس دن مسلم دنیا اللہ تعالی کے احکامات کی بجا آوری کے لیے سنت ابراہیمی پر عمل کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب بھائیوں کو بھی عید کی خوشیوں میں یاد رکھیں اور انہیں عید کی خوشیوں میں بھرپور شامل کرنے کے لیے مخیر حضرات اپنا کردار ادا کریں۔