پارٹی تقسیم کی خبریں بے بنیاد‘ واپسی کا پروگرام منسوخ نہیں کیا: اسحاق ڈار
لندن (نوائے وقت رپورٹ‘ این این آئی) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار جولائی کے آخری ہفتے پاکستان کیلئے اڑان بھریں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان جانے کے حوالے سے پروگرام منسوخ نہیں ہوا۔ میرا پاکستان روانگی کا شیڈول جولائی کے آخر میں ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پارٹی میں تقسیم کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔ ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں جماعت متحد تھی، ہے اور رہے گی۔ سابق وزیر خزانہ نے پی ٹی آئی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی نااہل حکومت معیشت تباہ کرکے ملک کو چیلنجز میں جھونک کرگئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ نوازشریف دور میں مہنگائی 4فیصد، جی ڈی پی 6 فیصد اور شرح سود 5.25 فیصد تھی جب کہ نوازشریف کی کامیابیوں کو عمران خان نے 43 مہینوں میں نیست و نابود کر دیا۔