چیئرمین سینٹ سے برکینا فاسو قانون ساز اسمبلی کے صدر کی ملاقات
اسلام آباد(خبر نگار)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے برکینا فاسو قانون ساز اسمبلی کے صدر ابوبکر توگویینی نے ملاقات کی۔دونوں رہنماوں کی ملاقات سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں ہوئی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پارلیمانی سفارتکاری کے فروغ پر زور دیا گیا۔دونوں رہنماوں نے بہترین حج انتظامات کو سراہا اور سعودی شاہ محمد بن سلیمان اور سعودی شوری کا حج کے بہترین انتظامات کرنے پر شکریہ ادا کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ معاونت اور رابطہ کاری کیلئے خصوصی حکمت عملی وضح کر چکا ہے اورلک افریقہ پالیسی کے تحت تعاون کی نئی راہیں کھلنے، بہتر روابط اور تجارتی تعاون میں مدد ملے گی۔ خطے میں امن اور ترقی کیلئے پارلیمانوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ہمیں پارلیمانی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے علاقائی امن اور ہم آہنگی کے فروغ اور ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے والے مسائل کے حل کے لئے اجتماعی کوششیں تیز کرنی ہوں گی۔برکینا فاسو قانون ساز اسمبلی کے صدر نے کہا پاکستان ہمارے لیے اور خطے کا ایک اہم ملک ہے انہوں نے مزید ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔