عید الا ضحی عقیدت واحترام سے منائی گئی، ملکی ترقی ، خوشحالی کیلئے دعا ئیں
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں عیدالاضحی اتوار کے روزعقیدت و احترام سے منائی گئی، چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد، عید گاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے جس کے بعد سنت ابراہیمی ادا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ شروع ہوا جو گذشتہ روز قبل از نماز مغرب تک جاری رہا۔ قبل ازیں نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ کی سلامتی، ملک کی ترقی و خوشحالی، کشمیر کی آزادی اور عالمی وباء کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے جامع مسجد منصورہ، مولانا فضل الرحیم اشرفی اور مولانا قاری ارشد عبید نے جامعہ اشرفیہ فیروز پور روڈ، علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے جامعہ نعیمیہ، مولانا عبدالخبیر آزاد نے عالمگیری بادشاہی مسجد، مولانا میاں محمد اجمل قادری نے جامع مسجد مولانا احمد علی لاہوری شیرانوالہ دروازہ، تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد حسین رضوی نے جامع مسجد رحمۃ للعالمین ملتان روڈ، امیر جماعت اہل حدیث پاکستان حافظ عبدالغفار روپڑی نے ریس کورس پارک، مولانا محمد امجد خان نے77کلب ایبٹ روڈ گراونڈ، مفتی محمد رمضان سیالوی نے جامع مسجد دربار حضرت داتاگنج بخش، حافظ ریاض حسین نجفی نے جامعۃ المنتظرماڈل ٹائون، علامہ جواد نقوی نے جامعہ عروۃ الوثقی، ڈاکٹر عارف رشید صدر انجمن خدام القرآن نے مسجد دارالسلام باغ جناح میں، پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی نے اتحاد امت اسلامک ارشد گارڈن اور علامہ قاری محمد زوار بہادرنے جامعہ محمدیہ رضویہ فردوس مارکیٹ گلبرگ تھری میں عید کے اجتماع کی امامت کی۔