عمران تا ریخ کا سیاہ باب بن چکے ، ہم نے ملک کو سری لنکا بنانے کی سازش ناکام بنائی
اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی کرپشن چھپن نہیں سکتی۔ اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ لاکھ مخالفین کو غداری سے لنک کرکے اور چور کا جھوٹا بیانیہ بنائیں۔ عمران خان تاریخ کا ایک سیاہ باب بن چکے ہیں۔ عوامی فیصلے کے تحت 11 اپریل کو انقلاب آ چکا ہے۔ کرپشن، نالائقی، نااہلی کی علامت عمران خان گھر جا چکے ہیں۔ 17 جولائی کو ن لیگ کی کامیابی اس حقیقت کو مزید پختہ کرے گی۔ قبل ازیں ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے عمران خان کو آئینہ دیکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران! پاکستان کی معاشی خود انحصاری کا آپ کو احساس ہوتا تو شہباز شریف کی میثاق معیشت کی مثبت تجویز کو تکبر سے نہ ٹھکراتے۔ چار سال میں 70 سال سے زیادہ 20 ہزار ارب روپے کا قرض لینے والا آج معیشت کا رونا رو رہا ہے۔ عمران صاحب کے جھوٹ سن کر 'مسٹر فراڈئیے' والا کردار یاد آ جاتا ہے۔ شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت پاکستان کی معاشی خودمختاری اور خود انحصاری کے لئے سرگرم عمل ہے۔ عمران صاحب بھکاری آپ تھے جس نے پاکستان کو ملنے والی گھڑیاں تک چند کروڑ روپے کمانے کے لئے فروخت کر دیں۔ شرم آپ کو آنی چاہئے کہ سخت ترین شرائط پر آئی ایم ایف کا معاہدہ کیا۔ شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت نے عمران کی پاکستان کو سری لنکا بنانے کی سازش ناکام بنا دی ہے۔ آپ چار سال اقتدار اور اختیار کو نوٹ بٹورنے کے لئے استعمال نہ کرتے تو آج معیشت کے یہ حالات نہ ہوتے۔ آپ جھوٹ بولتے رہیں، شہباز شریف، ان کے بھائی اور ان کے اتحادی پاکستان کو معاشی خود انحصاری، ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کی جدوجہد کرتے رہیں گے۔