• news

سری لنکا: صدارتی محل، وزیر اعظم ہائوس پر قبضہ بر قرار ، نئے صدر کا انتخاب 20جولائی کو ہوگا


کولمبو+ بیجنگ (این این آئی+ انٹرنیشنل ڈیسک+ آئی این پی)  سری لنکا میں مظاہرین نے صدارتی محل اور وزیراعظم کی رہائش گاہ کو خالی کرنے سے انکار کر دیا۔ کولمبو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین کی قیادت کرنے والے رہنماؤں نے کہا جب تک صدر اور وزیراعظم باقاعدہ طور پر اپنے عہدے چھوڑ نہیں دیتے اور موجودہ حکومت ختم نہیں ہوتی صدارتی محل اور وزیراعظم کی سرکاری رہائش گاہ کو خالی نہیں کریں گے۔ سری لنکن حکام نے سابق وزیر خزانہ کو بیرون ملک جانے سے روک دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سری لنکا کے امیگریشن حکام نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ملک میں پیدا ہونے والے حالات کے بعد سری لنکا کے سابق وزیر خزانہ کو بیرون ملک جانے سے روک دیا ہے۔ سابق وزیر خزانہ باسل راجا پاکسے ملک کے صدر کے بھارئی ہیں جو وزارت خزانہ کے منصب پر فائز تھے۔ سری لنکن امیگریشن آفیسرز ایسوسی ایشن کے مطابق ان کے سٹاف  نے کولمبو ائرپورٹ کے وی آئی پی لاؤنج میں آنے والے سابق وزیر خزانہ کو سروسز فراہم کرنے سے بھی انکار کردیا کیونکہ اطلاع ملی تھی وہ ملک سے فرار ہونا چاہتے ہیں۔ چند مشتعل افراد نے ائرپورٹ پر باسل کیخلاف نعرے لگائے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے کہا ہے کہ چین کو سری لنکا کو درپیش مشکلات اور چیلنجز پر ہمدردی ہے اور سری لنکا کو خوراک اور ادویات سمیت ہنگامی انسانی امداد فراہم کی گئی ہے، سری لنکا میں صورتحال کی بہتری کیلئے تمام فریقین کیساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ پریس بریفنگ میں ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین نے مرکزی حکومت، مقامی حکومتوں اور دوستانہ تنظیموں جیسے چینلز کے ذریعے سری لنکا میں زندگی کے تمام شعبوں کو امداد کی مختلف کھیپیں بھی فراہم کی ہیں۔ چین سری لنکا کی اقتصادی اور سماجی ترقی کیلئے اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق مدد کی فراہمی جاری رکھے گا اور سری لنکا کی اقتصادی بحالی اور لوگوں کے معاش کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔ جہاں تک سری لنکا پر چین کے قرضوں کا تعلق ہے تو  چین سری لنکا کے ساتھ گفت و شنید اور مناسب حل تلاش کرنے کے لیے متعلقہ مالیاتی اداروں کی حمایت کرتا ہے۔ ہم سری لنکا میں حالیہ مشکلات سے نمٹنے، قرضوں کے بوجھ کو کم کرنے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کیلئے متعلقہ ممالک اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ سری لنکا کی پارلیمنٹ 20 جولائی کو نئے صدر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کرے گی۔ پارلیمنٹ کے سپیکر نے کہا کہ صدر گوتا بایا راجاپا کسے نے  آج بدھ تک استعفیٰ دینے کا وعدہ کیا ہے جس کے بعد 20 جولائی کو انتخاب ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن