ایس او ایس و یلج کا دورہ ، آئینی بحرانوں کے با و جود کا م کر کے دکھایا: حمزہ شہباز
لاہور (نیوز رپورٹر)وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز عید کے روز ایس او ایس ویلج پہنچ گئے اور بے آسرا بچوں و بچیوں کے ساتھ بیشتروقت گزارا۔ حمزہ شہباز نے بچوں و بچیوں سے گفتگو کر میں کہا کہ خوشی کے اس تہوار پر یتیم بچوں کے سر پر دست شفقت رکھنے آیا ہوں۔ نبی رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان پڑھا تھا کہ بچوں سے محبت کرنے والے اور ان کے چہرے پر خوشیاں بکھیرنے والے جنت میں ’’بیت الفرح‘‘ میں داخل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ بچوں و بچیوں میں گھل مل گئے انہوں نے بچوں و بچیوں اور ایس او ایس ویلج سٹاف کو عیدی بھی دی ۔حمزہ شہباز نے لائبریری اور کمیونٹی سنٹر کا بھی وزٹ کیا۔ایس او ایس ویلج کو سولر پر منتقل کرنے اور سولر پینل دینے کا اعلان بھی کیا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں عیدالاضحی پرصفائی کے تسلی بخش انتظامات پر ایل ڈبلیو ایم سی اور دیگر متعلقہ اداروں کو شاباش دی وزیر اعلیٰ نے وڈیو پیغام میں کہا کہ عید الاضحٰی پر پنجاب بھر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات گڈ گورننس کا عملی ثبوت ہے۔ پنجاب کے عوام کو 2018 والا صوبہ لوٹائیں گے۔ لاہور کی خوبصورتی واپس لائیں گے۔بعد ازاں حمزہ شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج سیاست سے زیادہ ریاست اور معیشت کو سنبھالا دینے کی ضرورت ہے۔ ان حالات میں اگر کوئی سیاست کی آڑ میں ملک کی خدمت میں رکاوٹ ڈالتا ہے تو قوم ایسے لوگوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ آئینی بحرانوں کے باوجود ہم نے کام کر کے دکھایا۔سستا آٹا اور تمام ہسپتالوں میں مفت ادویات مل رہی ہیں۔ یہ کس منہ سے عوام کی بات کرتے ہیں۔مفت بجلی پر یہ الیکشن کمشن میںپہنچ گئے کہ عوام کو اس قیامت خیز مہنگائی میں مفت بجلی کیوں مہیا کی جارہی ہے۔ اسے روکا جائے۔ پنجاب کے عوام گواہ ہیں کہ مفت بجلی دینے والے کون تھے اورمفت بجلی کا حق چھننے والے کون؟ حمزہ شہباز نے نماز عید کی ادائیگی کے بعد رائیونڈ مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں سے ملاقات کی اور عید کی مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ نے کارکنوں سے گفتگو میں کہا عالمی منڈی میں پٹرول سستا ہوا۔وزیراعظم محمد شہبازشریف آنیوالے دنوں میں پٹرول کی قیمت کے حوالے سے عوام کو بڑی خوشخبری دیں گے۔