• news

لیگیوں کیخلاف ہلڑ بازی کر نیوالے پی ٹی آئی کارکن گرفتار ، شناختی کارڈ ، پاسپورٹ بلاک ہونگے


فیصل آباد (اے پی پی+ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ گزشتہ چار سال ملک پر نااہل ٹولہ مسلط رہا جس نے ملکی معاشی ترقی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کی بجائے اپنی تمام توجہ صرف اور صرف مخالفین کو کچلنے اور ان کے خلاف انتقامی کاروائیوں پر مرکوز رکھی، اس طرح عمران خان نے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کردیا۔ تاہم پاکستان اس وقت معاشی حوالے سے اہم ترین دور سے گزر رہا ہے۔ اس لئے پاکستان کو اگر کمزور کردیا گیا تو اس کے اثرات بہت برے ہوں گے۔ لہذا آئی ایم ایف کو چاہیے کہ وہ فوری معاہدے کو منطقی انجام تک پہنچائے کیونکہ ہم نے تو آئی ایم ایف کی وہ شرائط بھی مان لیں جن کی ہم مخالفت کرتے تھے اور ہم نے مشکل فیصلوں سے اپنی جماعت کیلئے بھی کئی مسائل کھڑے کرلئے لیکن سیاست پر ریاست کو ترجیح دی۔ کیونکہ اگر ہم موجودہ ابتر معاشی صورتحال میں آئی ایم ایف کی شرائط کو نہ مانتے تو ملک ڈیفالٹ کرجاتا۔ اس بات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے اتوار کی صبح فیصل آباد میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد اپنے ڈیرہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے زیرو سبسڈی کی شرط مانی لیکن اگر اس پر عمل کرتے ہوئے زیرو سبسڈی پر ملک چلایا جائے تو غریب تو مر جائے گا۔ ہم نے سیاست کو ایک طرف رکھا اور ریاست کو بچایا اور مشکل فیصلوں کی طرف گئے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے پر مسرت موقع پر وہ اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ امن و امان کے سلسلہ میں ہم نے بہتری لائی ہے اور مزید بہتری لائیں گے۔ دہشت گردی کے واقعات پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے جبکہ جو اکا دکا واقعات رہ گئے ہیں ان پر بھی جلد قابو پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ طیبہ گل اور ان کے شوہر ڈیڑھ ماہ وزیراعظم ہائوس میں رہے جبکہ طیبہ گل کے گھر کا کرایہ بھی حکومت دیتی رہی ہے۔ مگر پی ٹی آئی حکومت نے چیئرمین نیب کو کھلونا بنایا ہوا تھا اور چیئرمین نیب سے جو کیس بنوانا ہوتا وہ طیبہ گل کو کہہ کر بنوا لیا جاتا تھا لیکن طیبہ گل اور اس کا خاوند بھی مجبور تھے۔ ہم ضمنی الیکشن سمیت آئندہ عام انتخابات میں بھی شاندار کامیابی حاصل کر کے ملک کو دوبارہ تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی شاہراہوں پر گامزن کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن صاف اور شفاف ہوں گے جبکہ حکومت الیکشن کمشن سے ہر طرح کا تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم، سی ایم، چیف سیکرٹری، آئی جی سمیت تمام حکومتی مشینری چیف الیکشن کمشنر کی ایک کال پر عملدرآمد کرے گی اور میری وزارت داخلہ بھی اپنی ذمہ داری ادا کرے گی۔ اس فسادی ٹولے نے ملک کو تباہ کرنے کی کوشش کی۔ ہماری کوشش ہے ملک اب بہتری کی طرف جائے تاکہ عوام کو ریلیف ملے۔ ایسا ٹولہ جو ملک کی تباہی کیلئے آیا تھا‘ اسے ہم نے ناکام بنا دیا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے بھی کہا کہ سپریم کورٹ میرے کیس کا سوموٹو نوٹس لے۔ جھوٹے کیس کی انکوائری اچھے انداز میں کی جائے۔ اتنا ظلم 74 سال میں کسی کے ساتھ نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ چیئرمین نیب کو کھلونا بنا کر کیس بناتے رہے۔ جن پر مداخلت کا الزام تھا‘ وہ نیوٹرل ہونے کی دہائی دے رہے ہیں۔ کسی  کے پاس عدم اعتماد میں مداخلت کا ثبوت ہے تو سامنے لائے۔ دریں اثنا اپنے حلقے میں مختلف وفود سے گفتگوکرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا حکومت  آئی ایم ایف سے مکمل نجات کیلئے لائحہ عمل بنا رہی ہے۔ ہم نے پہلے بھی ملک کو عالمی قرضوں سے نجات دلائی تھی اور اب بھی اس کیلئے اقدامات کریں گے۔ سابق حکمران ٹولے نے ملک کو دیوالیہ کرنے کے قریب پہنچا دیا تھا۔ ہم نے ملک کو بچانے کیلئے مشکل فیصلے کئے ہیں جس سے وقتی طور پر عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر اب مشکل وقت گزر چکا ہے اور آنے والے دنوں میں عوام کیلئے خوش خبریاں ہی خوش خبریاں ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کیخلاف بڑے ایکشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے شہریوں بالخصوص مسلم لیگ (ن) پر نعرے بازی پر ان کیخلاف ہلڑی بازی اور ان کے خلاف نعریبازی پر ان کے  شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کر دیئے جائیںگے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پرتنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت اور پاگل پن کے شکار اس کے لیڈر کی طرف سے سیاسی نفرت، بغض، فتنہ اور فساد پر مبنی مہم جوئی اور اسکے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات کی خاطر میں تمام پاکستانی شہریوں بالخصوص مسلم لیگ (ن) کے احباب سے مخاطب ہوں۔ دورانِ سفر، بازار یا کسی بھی جگہ اگر آپکا سامنا ’’عمرانی باؤلوں‘‘ سے ہوجائے اور وہ آپ پر ’’غرانا‘‘ یا ’’کاٹنا‘‘ شروع کر دیں تو آپ قانون کو ہاتھ میں لینے یا ان سے الجھنے کی بجائے اپنے موبائل فون سے اْنکی ویڈیو بنائیں۔ رانا ثناء اللہ نے لکھا کہ عمرانی باؤلا ایک ہو ایک سے زائد، سب کی قابل شناخت ویڈیو بنائیں اور اسے ڈائریکٹر سائبر کرائم، ایف آئی اے کو ارسال کر دیں، وٹس ایپ کے ذریعے بھیج دیں یا سوشل میڈیاکے ذریعے ایف آئی اے کو ٹیگ کر دیں۔ بھرپور کارروائی، اندراج مقدمہ، گرفتاری حتیٰ کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی Blockage عمل میں لائی جائیگی تاکہ شہریوں کے آئین پاکستان کے آرٹیکل 15 میں دئیے گئے ’’Freedom of Movement‘‘ کے حق کاتحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ اگر عمرانی باؤلے پھر بھی اس دوران آپ سے ہاتھا پائی پر اتر آئیں تو اپنے دفاع کے قانونی حق کا استعمال کریں۔

ای پیپر-دی نیشن