معروف ٹی وی اداکار تنویر جمال اور گلوکارہ روبینہ قریشی انتقال کر گئے
لاہور+کراچی ( کلچرل رپورٹر +نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) پاکستان کے معروف اداکار تنویر جمال جاپان کے ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ اداکار تنویر جمال کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور کچھ عرصہ قبل ہی علاج کی غرض سے جاپان منتقل ہوئے تھے۔ ان کے پھیپھڑے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔ اداکار تنویر جمال نے جاپان میں مختلف ڈاکٹرز کو چیک اپ کرایا‘ تاہم ڈاکٹرز نے نامور پاکستانی اداکار کا طبی معائنہ کرنے کے بعد انہیں یہ کہہ کر جواب دیا تھا کہ اگر تنویر جمال کا آپریشن کیا گیا تو ان کی صحت کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ اداکار تنویر جمال نے لواحقین میں جاپانی اہلیہ اور تین بچے چھوڑے ہیں۔ تنویر جمال گزشتہ 35 برسوں سے اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے پاکستان میں اہم مقام رکھتے تھے۔ تنویر جمال کو ان کی بہترین اداکاری پر ٹی وی کی جانب سے بیسٹ ایکٹر ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ تنویر جمال 2016ء میں پہلی دفعہ کینسر کے مرض کا شکار ہوئے تھے‘ تاہم علاج کے بعد صحت یاب ہو گئے تھے‘ لیکن چند ماہ قبل انہیں پھر سے تکلیف ہوئی اور ایک بار پھر کینسر کی تشخیص ہوئی جس سے ان کی صحت کافی متاثر ہوئی تھی۔ کوئل سندھ اور ’’بلبل مہران‘‘ کہلائی جانے والی گلوکارہ‘ نغمہ نگار و اداکارہ روبینہ قریشی بھی طویل علالت کے بعد 81 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ روبینہ قریشی گزشتہ دو سال سے کینسر کا شکار تھیں اور وہ انتہائی علیل ہونے کی وجہ سے ہسپتال اور گھر تک محدود تھیں۔ کوما میں جانے سے قبل وہ شدید علیل تھیںاور رواں برس مارچ میں صدارتی ایوارڈ کی تقریب میں بھی شریک نہ ہوسکی تھیںاور ان کا ایوارڈ ان کے شوہر اداکار مصطفی قریشی نے وصول کیا تھا۔ روبینہ قریشی کو ان کی گلوکاری و اداکاری کی خدمات کے عوض صدارتی ایوارڈ کے علاوہ دیگر متعدد ایوارڈز بھی ملے اور انہوں نے بھارت کے علاوہ انڈونیشیا‘ ملائشیا‘ چین‘ ترکی‘ برطانیہ‘ متحدہ عرب امارات اور امریکہ میں بھی پرفارمنس کی۔