ن لیگ اب ڈھٹائی سے لوٹوں کو ووٹ دو کا نعرہ لگا رہی ہے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے سابق وفاقی وزیر فواد حسین چودھری اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ کل تک ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کو نعرہ لگانے والی ن لیگ ڈھٹائی سے ’’لوٹوں کو ووٹ دو‘‘ کا نعرہ لگا رہی ہے۔ عوام کا غصہ کم کرنے کیلئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز شعبدہ بازی کر رہے ہیں، مفت بجلی دینے کے جھوٹے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ شہباز شریف جیسے بہروپیوں کی حقیقت عوام جان چکے ہیں، تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ انتخابات میں حکومت کو اپوزیشن کے خلاف امیدوار ہی نہیں ملا، چند مہینوں کی حکومت میں نااہل حکمران تاریخی مہنگائی کا تحفہ عوام کو دے چکے ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ ضمنی انتخاب کے حلقوں میں گرفتاریاں حکومت کی بوکھلاہٹ ہے، تمام سروے پی ٹی آئی کی کامیابی کا اعلان کر رہے ہیں۔ ضمنی انتخابات میں دھاندلی حکمرانوں کو مہنگی پڑے گی۔ سابق گورنر عمر چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف کا راستہ روکنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی۔ عمران خان کے کامیاب جلسے پی ٹی آئی کی کامیابی کا پیشگی اعلان کر رہے ہیں۔ ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما سلیم بریار، ارکان پنجاب اسمبلی احسن سلیم بریار اور مسرت جمشید چیمہ بھی شریک تھیں۔