ضمنی الیکشن: بیلٹ پیپرز ، فارمز کی تر سیل شروع، لاہور 4ملتان کے ایک حلقہ کیلئے فوج بلانے پر غور
لاہور (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں جبکہ لاہور کے چار حلقوں اور ملتان کے ایک حلقے کے لیے فوج طلب کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق پاک فوج کے جوان پولنگ سٹیشنز کے باہر امن و امان کی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ ضمنی انتخابات کے حلقوں میں رینجرز پہلے ہی طلب کرلی گی ہے۔ رینجرز کے جوان ضمنی انتخابات کے حلقوں میں پیٹرولنگ کے فرائض سر انجام دیں گے۔ 17 جولائی کو پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے بیلٹ پیپرز اور فارمز کی ترسیل ریٹرننگ افسروں کو شروع کردی گئی، ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 20 حلقوں کے لیے 47 لاکھ 30 ہزار 600 بیلٹ پیپرز چھاپے، 1 لاکھ 53 ہزار 657 اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی اسلام آباد میں ہوئی، تمام بیلٹ پیپرز سخت سکیورٹی میں متعلقہ حلقوں میں پہنچائے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لاہور کاپی پی 168 میں اسلحہ کی نمائش کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی کینٹ کو تفصیلی انکوائری اور فوری رپورٹ جمع کروانے کی ہدایات کردی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے پی ٹی آئی امیدوار نواز اعوان کو اسلحہ کی نمائش اور کارنر میٹنگ میں جھگڑے پر نوٹس جاری کیا۔ جس میں کہا گیا کہ انتخابی مہم کے دوران مسلح گارڈ رکھنا اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ امیدواران کو ضرورت کے تحت سکیورٹی مہیا کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے نواز اعوان کو 14 جولائی کو وضاحت کے لئے طلب کر لیا۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لودھراں نے امیدوار پی پی 224 زوار حسین کی وضاحت غیر تسلی بخش ہونے پر جرمانہ عائد کیا۔ امیدوار زوار حسین نے انتخابی مہم میں وزیر داخلہ عبدالرحمٰن کانجو کو مدعو کیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے 12جولائی کو امیدوار کی وضاحت ریکارڈ کی۔ وضاحت غیر تسلی بخش ہونے پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے 40ہزار جرمانہ ادا کرنے کا حکم جاری کیا۔ الیکشن کمشن کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لاہور نے سی سی پی او لاہور کو مراسلہ جاری کیا، جس میںسی سی پی او لاہور کو وزیر کابینہ آزاد جموں و کشمیر مقبول احمد کو لاہور میں انتخابی مہم میں شرکت سے روکنے کیلئے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مقبول احمد انتخابی مہم میں شرکت کر رہے تھے۔ مقبول احمد نے انتخابی مہم میں سرکاری وسائل کا استعمال بھی کیا۔ تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے پی پی 168 میں پاکستان تحریک انصاف کی کارنر میٹنگ پر چھاپے کے دوران کارکنوں کی ہاتھا پائی پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ میں تحریک انصاف کے رہنما زبیر نیازی سمیت 13 نامزد افراد جبکہ 150 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔