• news

ضمنی انتخابات میں 20نشستیں جتییں گے، پارٹی اجازت  دیتی تو استعفی دیکر الیکشن لڑتا: حمزہ شہباز 


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی  حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر پارٹی اجازت دیتی تو استعفی دے کر ضمنی الیکشن لڑرہا ہوتا۔ سیاست نہیں ریاست بچانا مقصد ہے۔ عمران نیازی کی طرح انتقامی سیاست نہیں کروں گا۔ حمزہ شہباز پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود سے ملاقات کے بعد ماڈل ٹاون میں ان کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ  ہمارا اتحاد حکومت بنانے کا اتحاد نہیں ہے بلکہ ملک و قوم کے لئے ہم اکٹھے ہوئے ہیں۔ ہم سیاست کے لئے اکٹھے نہیں ہوئے۔ 4 سال گلیوں چوراہوں میں کوڑے کے ڈھیر ملتے تھے لیکن لاہور سمیت پنجاب میں عید الاضحٰی پر صفائی مثالی رہی۔ ہم نے کابینہ کے بغیر بھی عوام کی فلاح کے لئے کام کیا۔ ہم نے سستا آٹا اور ملکی تاریخ میں پہلی بار 100 یونٹ مفت بجلی کی فراہمی کا پروگرام بنایا۔ عمران نیازی خود تو کچھ کر نہ سکے اور مفت بجلی کے معاملے پر الیکشن کمشن چلے گئے اور اس پر حکم امتناعی لے لیا۔ آج پاکستان ہم سے قربانی مانگ رہا ہے۔ دعا گو ہوں کہ  اللہ مجھ سے عوام کی خدمت کا کام لے۔ 17 جولائی کو ہمارا اتحاد عوام میں پذیرائی پا کر 20 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گا۔ جیت کر ہم عمران نیازی کی طرح  انتقامی سیاست نہیں کریں گے بلکہ ہم نے مل کر ملکی معیشت کو بہتر کرنا ہے۔ ہم نے ایسے فیصلے کئے کہ جن کی سیاسی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ دیا جائے۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا بھی شکریہ کہ وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ وسیم اکرم پلس کے نام پر صوبے کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔ عمران نیازی کی باتوں کا جواب ان کی زبان میں نہیں دے سکتا۔ فرح گوگی اور احسن جمیل پنجاب کو لوٹ کر کھا گئے۔ عمران نیازی اپنی جھوٹی سیاست کے پیچھے انتشار پھیلانے چاہتا ہے۔ ہم اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوام کو خوشحال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ کوئی ایک سیاسی جماعت ملک کی کایا نہیں پلٹ سکتی، سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ ملک کو آگے لے جانے کے لئے نفرتوں کو ختم کرنا ہو گا۔ عمران نیازی کو داد دیتا ہوں کہ وہ نمبر ون جھوٹے ہیں۔ 17 جولائی کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ مخدوم احمد محمود نے کہا کہ  وزیراعلی حمزہ شہباز کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کے دوستوں سے ملاقات ہوئی اور ہم نے 17 جولائی کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی کو حتمی شکل دی۔ اس حوالے سے دونوں جماعتوں کی قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے۔ ہم مل جل کر جنوبی پنجاب میں ضمنی انتخابات میں اچھا رزلٹ دینگے۔ حمزہ شہباز شریف نے عید پر صوبے بھر میں بہترین صفائی پر انتظامیہ اور سٹاف کو شاباش دی اور ایل ڈبلیو ایم سی کے سٹاف کے لئے ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ دینے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے  لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے منتخب افسروں اور سینٹری ورکروں کو خصوصی تقریب میں تعریفی سرٹیفکیٹس دئیے۔ٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کا فیلڈ سٹاف صفائی کے بہترین انتظامات پر داد و تحسین کا مستحق ہے۔ متعلقہ افسروں اور عملے نے جذبے کے ساتھ کام کرکے پورے پنجاب کو صاف ستھرا بنایا۔ ماضی میں لاہور سمیت دیگر شہر کوڑے کا ڈھیر بنے نظر آتے تھے، اس سال شاندار کام کیا گیا۔ آئندہ بھی اسی جذبے سے کام کرنا ہو گا۔ عید صفائی پلان پر من وعن عملدرآمد سے بہترین نتائج سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ محنت لگن اور خدمت کے جذبے سے لاہور سمیت ہر شہر کو پھولوں کا شہر بنائیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس کے دوران عید الاضحی پر کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ حمزہ شہباز شریف نے رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے معروف اداکار مصطفیٰ قریشی کی اہلیہ گلوکارہ روبینہ قریشی، معروف ادکار و ڈائریکٹر تنویر جمال کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن