• news

یوم شہدا ، کشمیریوں کا احتجاج: بھارتی جبر تحریک آزادی کا شعلہ نہیں بجھا سکتا : شہباز شریف 


اسلام آباد، جموں ، سرینگر ، مظفر آباد (نمائندہ خصوصی+خبر نگار+کے پی آئی + این این آئی) کنٹرول لائن کے دونوں اطراف کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے بدھ کو یوم شہدائے کشمیر اس عزم کے ساتھ منایا کہ شہداء کا مشن منزل کے حصول تک جاری رکھا جائے گا ۔  احتجاج کیا گیا شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف تقاریب بھی ہوئیں ۔لوگ شہداء کو خراج عقید ت پیش کرنے کیلئے سرینگرمیں مزار شہداء نقشبند صاحب میں جمع ہو ئے اور وہاں شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کے علاوہ کشمیر کی آزادی کے  لئے خصوصی دعا ء کی گئی ،آزاد کشمیر پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں نے اس روز شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا ،جن میں اس بات کا عہد کیا گیا کہ شہداء نے جس مقصدکے لئے اپنی جانیں قربان کیں وہ مشن کشمیریوں کو حق خود ارادایت ملنے تک جاری رکھا جائے گا۔ جبکہ سرینگر شہر میں ایک حملے میں بھارتی پولیس کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہلاک اور دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، ترال میں بارودی سرنگ ناکارہ بنا دی گئی۔ سرینگر سمیت وادی کے کئی علاقے بھارتی فوج کے محاصرے میں ہیں۔ دوسری جانب غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں خطے سے تعلق رکھنے والے ملازمین کا ضلع جموں میں احتجاج بدھ کو 43 ویں دن میں بھی جاری رہا۔ وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں تعینات یہ ملازمین اپنے متعلقہ آبائی اضلاع میں فوری تبادلے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے حق خودارادیت کیلئے قربانیاں دیں، یوم شہدائے کشمیر ان قربانیوں کی یاد دہانی کراتا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا کہ شہدائے کشمیر نے قربانیاں اقوام متحدہ کے منظور شدہ حق خود ارادیت کے لیے دیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی تسلط سے آزادی کا شعلہ کشمیریوں نے نسلوں سے بھارتی جبر کے سامنے زندہ رکھا ہوا ہے۔ جو بجھایا نہیں جا سکتا۔ قبل ازیںوزیراعظم شہباز شریف نے عید الاضحی پرعوامی سہولت کے لیے صفائی ستھرائی اور امن و عامہ کے بہترین انتظامات پر چیئرمین لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی خواجہ احمد حسان،چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل،کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان،ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ، مینیجنگ ڈائریکٹر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رافعہ حیدر،مینیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد کی پیشہ ورانہ خدمات کو قابل تحسین قرار دیا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری افسران کو پھولوں کے ہار پہنائے۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حقِ خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھنے والے کشمیر کے بہادر ، غیور عوام اور تمام شہداء کو خراج ِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض بھارتی افواج کا ظلم و ستم ، کسی بھی قسم کے اوچھے ہتھکنڈے کشمیریوں کی مقامی تحریک آزادی کو دبا سکے ہیں نہ کبھی دبا سکیں گے ، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حل ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر ہم 13 جولائی 1931 ئ￿  کو ڈوگرہ سامراج کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیریوں کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں ۔اس دن ہم حقِ خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھنے والے کشمیر کے بہادر ، غیور عوام اور تمام شہداء  کو بھی خراج ِ عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم بھارت پر زور دیتے ہیں کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فی الفور بند کرے اور کشمیر میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کیلئے اقدامات کرے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کی سفارتی ، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔اسلام آباد  سے خبر نگار کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے یوم شہدائے کشمیر کے حوالے سے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کے باسی اپنی حق خودارادیت کی جدوجہد کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا دیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں بھارت کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایوان بالا مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کر رہا ہے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کو نسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے اور مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کو روکنے کے لئے متعدد قراردادیں منظور کی ہیںاس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیگی اور کشمیری عوام بہت جلد آزادی کا سورج طلوع ہوتا ہوا دیکھیں گے۔ سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کسی بھی صورت آزادی کیلئے اٹھنے والی آواز کو دبا نہیں سکتے۔ علاو ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے برٹش  پاکستانی بزنس مین ذیشان شاہ کو انویسٹمنٹ کا سفیر بنا دیا ذیشان شاہ کو کاروباری کامیابیوں پر متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے پی ایم سیکرٹری نے تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ذیشان شاہ نے کہا کہ اس قومی خدمت کے عوض تنخواہ یا مالی فائدہ نہیں لوں گا پہلے ٹاسک کے طور پر امریکہ جاکر سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کروں گا۔مزید برآں وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے کو جلد از جلد بحال کیا جائے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے 969 میگا واٹ بجلی کے حامل نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے میں فنی خرابی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے اس سلسلے میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ جس میں انہیں اس خرابی کی نوعیت اور بحالی کے کام پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے واقعے کا سخت نوٹس لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ واقعے کی فوری طور پر مستند عالمی اداروں سے انکوائری کرانے کے ساتھ ساتھ پلانٹ کی بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کریں۔ انہوں نے اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاکر عوام کو جلد از جلد ریلیف پہنچانے کے احکامات جاری کیے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہم ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے کمپنیز کی پری کوالیفیکیشن اور تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن کا موثر نظام لا رہے ہیں۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، وزیر توانائی انجینئیرخرم دستگیر، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ دوسری طرف وزیراعظم کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس کل جمعہ 15 جولائی کو طلب کیا گیا ہے جس میں ملک کی سیاسی صورت حال پر غور کے علاوہ دیگر امور پر فیصلے کئے جائیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری بھی متوقع ہے۔

ای پیپر-دی نیشن