ترقیاتی پراجیکٹس کو مقررہ ٹائم میںہر صورت مکمل کرنے کا حکم:آئی جی
لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردارعلی خان کہاکہ پنجاب پولیس میں ترقیاتی پراجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے اور اضلاع کی بڑھتی ضروریات کے پیش نظر ترقیاتی سکیموں کو ٹائم لائن میں مکمل کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس سٹیشن، پولیس دفاتر، پولیس لائنز سمیت دیگر پراجیکٹس پر ترقیاتی کاموں کو مالی سال کے اندر مکمل کیا جائے۔ انفراسٹرکچر میں بہتری اور سہولیات کی فراہمی سے پولیس فورس کی ورکنگ بہتری ہوگی جس سے شہریوں کو سروس ڈلیوری کا عمل بھی مزید تیز رفتار اور آسان ہوجائے گا۔2022-23 کے تمام ترقیاتی پراجیکٹس کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر ہر صورت مکمل کروائیں۔ رواں مالی سال میں پنجاب پولیس کی 197 سکیموں میں سے 49 نئی ترقیاتی سکیمیں شامل ہیں ان 49 نئی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 1020.69 ملین جاری کئے گئے ہیںصوبے کے مختلف اضلاع میں 21 نئے پولیس اسٹیشن کی تعمیر سمیت 3 اضلاع کی پولیس لائنز میں ترقیاتی پراجیکٹس مکمل کئے جائیں گے۔ دریں اثناء راؤ سردار علی خان کی ہدایت پر عید الاضحی کی چھٹیوں کے دوران صوبہ بھر میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث سماج دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس کے تحت کاروائیاں جاری رہیں اورغیر قانونی طور پر کھالیں اکٹھی کرنے، سری پائے جلانے، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور پتنگ بازی سمیت دیگر قوانین کی خلاف ورزیوں میں ملوث سینکڑوں افراد کو پابند سلاسل کیا گیا۔