ضمنی انتخابات کیلئے انتہائی مربوط ، موثر سکیورٹی پلان تشکیل :سی سی پی او
لاہور(نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت کے 4 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا مرحلہ قریب آنے پر لاہور پولیس کی طرف سے انتخابی مہم اور پولنگ کے عمل کو پر امن بنانے کیلئے اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر لاہور پولیس نے ضمنی انتخابات کیلئے انتہائی مربوط اور موثر سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔ سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ پولنگ سٹیشنز،ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کے کیمپ آفسز سمیت ضمنی الیکشن سے متعلقہ تمام اہم پوائنٹس پر آٹھ ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈولفن سکواڈ اورپیرو کی 817 جبکہ ایلیٹ فورس کی 13ٹیمیں پولنگ سٹیشنز کے گرد موثر پٹرولنگ کریں گی۔ پولنگ سٹیشنز کے گرد و نواح میں مشکوک افراد اور گاڑیوں کا داخلہ روکنے کیلئے378 خصوصی ناکے بھی لگائے جائیں گے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے موقع پر 189 پولنگ بلڈنگز میں 466پولنگ سٹیشنز اور 1470 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ اینٹی رائٹ فورس کے 750 سے زائد جوان بھی امن و امان یقینی بنائیں گے۔