پی پی 167 ٹاؤن شپ میں ن لیگ‘ پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم
لاہور (نامہ نگار) لاہور کے حلقہ پی پی 167 کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں گزشتہ رات گئے ٹاؤن شپ میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار نذیر چوہان نے الزام عائد کیا ہے کہ مخالف پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر گجر نے ان کے شادی ہال میں قائم انتخابی دفتر پر حملہ کیا ہے۔ دو کارکنوں کو زخمی کردیا اور توڑ پھوڑ کرکے فرار ہوگئے۔ دوسری طرف شبیر گجر نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق عمر چوک ٹاؤن شپ میں پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر گجر کے کارکنوں نے مسلم لیگ نون کے امیدوار نذیر چوہان کے مرکزی آفس کے قریب نعرے بازی کی، اس دوران سے نون لیگ کے کارکن جمع ہو گئے اور انہوں نے پی ٹی آئی کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔