• news

الزام خان کی جھوٹی سیاست کا پول کھل گیا، نظر یہ ضرورت ایک بار پھر دفن : حمزہ شہباز


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ بار بار جھوٹ بول کر قوم کو گمراہ کرنے والوں کا ایک اور جھوٹ آشکار ہو گیا۔ الزام خان کی جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کا پول کھل گیا ہے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے جس نے نظریہ ضرورت کو ایک بار پھر دفن کر دیا۔ صدر، اس وقت کے وزیراعظم عمران خان، ڈپٹی سپیکر اور وزیر قانون نے آئین سے وفاداری کا حلف اٹھایا لیکن آئین شکنی کے مرتکب ہوئے۔ آئین سے انحراف کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لانا پڑے گا، جس سے مستقبل میں ایسے آئین شکنوں کا راستہ رکے۔ وزیراعلیٰ نے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ آئین کے آرٹیکل 5 کو آئین کی خلاف ورزی کے لیے استعمال کیا۔ آئین سے کھلواڑ کرنے والوں پر آرٹیکل 6 لگے گا۔ یہ پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے نے پی ٹی آئی کے سازشی بیانیہ کو بھی دفن کردیا۔ قوم محب وطن اور لٹیروں میں فرق کو جان چکی ہے۔ سپریم کورٹ نے واضح کر دیا کوئی سازش نہیں ہوئی۔ دراصل آئین شکنوں کا ٹولہ جو خود کو تحریک انصاف کہلاتا ہے عوام کی نمائندگی پر ڈاکہ ڈال رہا تھا اور اب بھی اسی کوشش میں ہے۔ عوام اس سازشی ٹولے کو ضمنی الیکشن میں بھی مسترد کردیں گے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد آئین کو پامال کرنے والے اب عدالتوں کو دھمکیاں دینے پر اتر آئے ہیں۔ عدلیہ بھی ان دھمکیوں کا نوٹس لے اور اداروں کی توہین کے مرتکب اس ٹولے کو قانون کے کٹہرے میں لائے۔

ای پیپر-دی نیشن