سپریم کورٹ نے عمران کے بیانیے کو اڑا کر رکھ دیا، غداری کے م قدمات چلنے چا ہئیں : مریم نواز
کلر سیداں+خوشاب (نامہ نگار/نیٹ نیوز) مریم نواز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے نے فتنہ خان کی جھوٹی سیاست اور سازش والے بیانیے کو اڑا کر رکھ دیا ہے۔ تاریخ میں پہلا سیاست دان ہے جو جھوٹا اور آئین شکن بھی ہے۔ سپریم کورٹ کے جج نے کہا یہ آئین توڑنے کا مرتکب ہوا۔ کلر سیداں میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب کو نواز شریف کی طرف سے سلام پیش کرتی ہوں۔ آپ کی بیٹی آپ کے پاس آئی ہے۔ حلقے میں آکر پتا چل گیا ہے ہمارے امیدوار جیت چکے ہیں، جلسے میں ایک انچ زمین بھی خالی نہیں ہے، ہمارے امیدوار کے پیچھے لوگ پیسے لیکر گھومتے رہے۔ خوشخبری سے بات شروع کرونگی، فتنہ خان بارودی سرنگیں بچھا کر گیا تھا، جان ہتھیلی پر رکھ کر بارودی سرنگوں کو ہم نے ہٹایا ہے۔ مشکل دور ختم، آنے والے دنوں میں عوام کے لیے اچھی خبریں آئیں گی۔ فتنہ خان کہتا ہے شہباز شریف تیل کی قیمتیں کم کرو، 4 سال تم قیمتیں بڑھاتے رہے، تمہارا تیل کی قیمتوں سے کیا لینا دینا، کہتا تھا آلو، پیاز کا ریٹ بتانے نہیں آیا، آج کل تقریروں میں دہی، پودینے کے ریٹ بھی بتاتا ہے۔ حکومت سے کہتی ہوں یہاں پر بات ختم نہیں کرنی، آرٹیکل 6 اور غداری کے مقدمات چلنے چاہئیں، ان کو ایسی سزا ملنی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی آئین کی خلاف ورزی نہ کرسکے، سپریم کورٹ نے اس کے سازش والے بیانیے کو بھی اڑا کر رکھ دیا، اس نے سازش کا جھوٹ بولا تھا، سپریم کورٹ کے جج نے کہا سازش کا کوئی ثبوت نہیں دیا، اس کے پاس ثبوت ہوتا تو دیتا، اس نے سپریم کورٹ کو بھی جلسہ گاہ سمجھا تھا کہ جلسے کی طرح الزامات لگا دے گا۔ عمران خان! سپریم کورٹ کو ثبوت دینے پڑتے ہیں۔ قبل ازیں ایک ٹویٹ میں مریم نواز نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی سمیت سب مہرے تھے جو استعمال ہوئے۔ آئین شکنوں کے خلاف صرف کارروائی نہیں ہونی چاہئے بلکہ ان پر آئین سے انحراف اور غداری پر آرٹیکل 6 لگنا اور قرارواقعی سزا ملنی چاہئے تاکہ پھر کسی کو آئین توڑنے کی ہمت نہ ہو۔ اصل مجرم اور اس سب کا ماسٹر منصوبہ ساز اور ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔عمران نے قوم سے جھوٹ بولا کہ میرے خلاف امریکہ نے سازش کی۔ سپریم ورٹ نے اپنے فیصلے سے جھوٹے ثاقب نثار کے صادق اور امین کی دھجیاں اڑا کر رکھ دی ہیں۔ عمران خان نے سازش کا جھوٹ بولا تھا۔ ایک جج نے لکھا کہ اس نے سازش کا کوئی ثبوت نہیں دیا۔ یہ بدقسمتی بھی عمران خان کے نصیب میں تھی کہ عدالت نے کہا کہ اس نے آئین توڑا۔ دھاندلی کا رونا رونے والا حکومت میں رہ کر ایک پیج کے باوجود سارے ضمنی الیکشن ہار چکا ہے۔ عمران خان آپ دھاندلی کے بانی اور موجد ہیں۔ دھاندلی وہ ہوتی ہے کہ جماعت کے سربراہ کو نااہل کر کے جیل میں بند کر دو‘ تم تو دندناتے پھر رہے ہو۔ کیا ہم نے تم کو بند کیا۔ دھاندلی کا تو وہ ہوتی ہے کہ ٹی وی پر نواز شریف اور مریم نواز کی تقاریر پر پابندی لگا دو۔ فتنہ خان تمہارے سارے امیدوار میدان میں ہیں‘ ڈرتے کیوں ہو آئو مقابلہ کرو۔ عمران خان اے بی سی شروع کرتا ہے تو ایکس وائی سے کرتا ہے۔ عمران خان اے بی سی میں جی بھی آتا ہے پی بھی آتا ہے آئی بھی آتا ہے۔ جی سے گولی‘ پی سے پیرنی‘ آئی سے ابراہیم مانیکا‘ ان کا مسٹر ایکس عمران خان ہوگا۔ ایکس وائی کی باتیں کرنے والے عمران خان اپنی اے بی سی ٹھیک کر لو۔نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے خوشاب کے جلسے سے خطاب میں کہا ہے کہ شاندار استقبال پر شکر گزار ہوں۔ پنجاب کے عوام کا مقابلہ پنکی، گوگی اکنامک کوریڈور سے ہے۔ لوگ چینی کی قطاروں میں لگے رہے۔ بنی گالہ منی گالہ بن گیا۔ فتنہ خان آتا ہے گالیاں دے کر چلا جاتا ہے۔ نوازشریف اور شہبازشریف دن رات عوام کا سوچتے ہیں۔ عارف علوی اور قاسم سوری نے عمران خان کے ذاتی ملازم کا کردار ادا کیا۔ ن لیگ کا مقابلہ 4 سال کی بربادی، تباہی، نالائقی اور لوٹ مار سے ہے۔ عمران خان کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر افسوس ہوا، آئین توڑنے پر نہیں ہوا۔ پنجاب میں نہ کوئی سڑک بنی نہ ہسپتال بنا، ابراہیم مانیکا کروڑ پتی بن گیا۔ میرے کامیاب جلسوں پر عمران خان کو بڑی تکلیف ہو رہی ہے۔