سپریم کورٹ پارلیمنٹ کے معاملے میں مداخلت نہیں کرسکتی: اسد قیصر
لاہور( نیوز رپورٹر) سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب عندلیب عباس ،میاں محمود الرشید اور امیدوار پی پی 158 میاں محمد اکرم عثمان نے مشترکہ پریس کانفرنس پارٹی دفتر جیل روڈ میں کی۔ اسد قیصر نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر شدید تحفظات ہیں۔ آرٹیکل 188 کے تحت ریویو پٹیشن فائل کی ہے۔ چیف جسٹس سے درخواست کرونگا کہ اس پٹیشن کو جلد سنیں۔ آرٹیکل 69 کے تحت عدالت پارلیمنٹ کے معاملے میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ امید ہے سپریم کورٹ ہماری ریویو پٹیشن کو جلد سنے گی۔ہم نے تمام اقدامات قانون کو سامنے رکھتے ہوئے کئے ۔پنجاب کے ضمنی انتخابات میں لاہور کے عوام کا جوش دیکھتے ہوئے خوشی ہوئی۔ عمران خان کے جلسے ریفرنڈم ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اور پولیس ان الیکشن میں پارٹی بنے ہوئے ہیں۔ میاں محمود الرشید نے کہاکہ حکمران تھانوں کے ذریعے خوف و ہراس کی فضا بنا رہے ہیں۔ آئی جی اور سی سی پی لاہوران اقدامات سے پیچھے ہٹ جائیں وگرنہ الیکشن کے دن کوئی حادثہ ہو سکتا ہے۔ہمارے کارکنوں کو تھانوں بلا کر بیان حلفی لیا جا رہا ہے۔امیدوار پی پی 158میاں اکرم عثمان نے کہاکہ اگر پولیس نے اپنا رویہ نہ بدلا تو لاہور کی تمام سڑکوں کو بلاک کر دیں گے اور بھرپور احتجاج کریں گے۔