• news

لاہور پر بری نظروالوں کو کل یہاں سے ما یوس لو ٹنا پڑے گا: مریم نواز


لاہور +ملتان(نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) پی پی 168 لاہور میں مریم نواز نے کہا ہے کہ اسد کا مطلب شیر ہے اور کھوکھر اب شیروں میں آگیا ہے۔ شیروں کو شیروں کے ساتھ ہونا چاہئے‘ گیدڑوں کے ساتھ نہیں ہونا چاہئے۔ جب پٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں تو مجھے سکون کی نیند آئی۔ مشکل وقت سے گزر گئے۔ ہر دن قوم کیلئے اچھی خبر ہوگی۔ لاہور پر بری نظر والوں کو خبر ہو کہ آپ کو 17 جولائی کو یہاں سے مایوس لوٹنا پڑے گا۔ اس نالائق کی حکومت ایک سال اور رہتی تو لاہور کو بھی کھنڈر بنا دیتا۔ افسوس سے کہنا پڑتا ہے پچھلے سال لاہور یتیم بھی تھا اور لاوارث بھی تھا۔ کسی نے مذاق میں کہا تھا اگر کسی کے دانتوں میں گیپ ہو تو شہبازشریف اس میں بھی پل بنا دے گا۔ لاہور نوازشریف کا ہے اور رہے گا۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہو گئی ہیں۔ مزید اچھی خبریں آئیں گی۔ اس سال حکومت نے لاہور نہیں‘ پورا پنجاب محنت کرکے صاف کیا۔ لاہور کیلئے کچھ کیا ہوتا تو آکر منہ دکھاتا۔ لاہور کی ترقی کے چار سال ضائع ہو گئے۔ میں فخر کے ساتھ اپنے بھائی حمزہ شہباز کی کمپین کر رہی ہوں۔ وہ ہمارا وزیراعلیٰ ہے۔ یہ میٹروبس کو جنگلا بس کہہ رہا تھا اور پھر وہی جنگلا بس پشاور میں بھی بنائی۔ یہ (ن) لیگ اور تحریک انصاف کی جنگ نہیں‘  لاہور اور پنجاب کی ترقی کی جنگ ہے۔ اب لاہور ان کے پاس آگیا ہے جو دن رات محنت کرکے اس شہر کو سنواریں گے۔ شہبازشریف نے دن رات محنت کرکے لاہور اور پنجاب کو سجایا۔ عمران خان خود سب سے بڑا کٹھ پتلی تھا‘ اس لئے لاہور میں ایک کٹھ پتلی کو رکھا ہوا تھا۔ عمران خان اس کیلئے ووٹ مانگ رہا ہے جس کو وہ پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکوکہتا تھا۔ اگر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہوتی رہیں تو 15 دن بعد پھر کم ہونگی۔ میرے ساتھ وعدہ کرو کہ 17 جولائی کو کوئی گھروں میں نہیں بیٹھے گا۔ عوامی جوش و خروش (ن) لیگ کی فتح کی نوید ہے۔ 17 جولائی کو تصدیق کی مہر ثبت ہوگی۔ مخالفین کو میدان سے بھگا کر دم لیں گے۔مریم نواز نے ملتان میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے کہا ہے کہ ملتان کا جذبہ بتا رہا ہے 17 جولائی کو شیر جیتے گا۔ ملتان کے عوام کا قرض ان کی خدمت کرکے اتاریں گے۔ مجھے یاد ہے ملتان سٹیڈیم کو تالا لگا دیا گیا تھا تو میں نے گاڑی کی چھت سے آپ سے خطاب کیا تھا۔ مسلم لیگ ن نے جان ہتھیلی پر رکھ کر عمران کی بارودی سرنگیں ہٹا دی ہیں۔ اب آنے والے ہر دن قوم اور ملک کیلئے اچھی خبریں لائیں گے۔ ملتان کی سڑکوں پر سستا آٹا مل رہا ہے۔ خیبر پی کے بارشوں میں ڈوبا ہوا ہے، یہ روز پنجاب میں آکر جھوٹ بول کر چلا جاتا ہے۔ 17 جولائی کو الیکشن نہیں پنجاب کو لوٹنے والوں کے ساتھ جنگ ہے۔ 2018ء میں جھوٹے شخص نے جنوبی محاذ کا ڈرامہ رچایا تھا۔ کہاں گیا جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے وعدے کرنے والا؟۔ عمران خان نے جنوبی پنجاب کو کبھی مڑ کے نہیں دیکھا اور جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اکیلا چھوڑ دیا۔ اس نے کوئی نیا ہسپتال، سکول نہیں بنایا۔ کہتا ہے کہ امریکہ نے سازش کی۔ سپریم کورٹ نے ثبوت مانگا تو کوئی ثبوت نہیں ملا۔ سازش کا بھانڈا سپریم کورٹ نے پھوڑ دیا ہے۔  سیاست میں مذہب استعمال کرنے والے سے بڑا مجرم کوئی نہیں ہوتا۔ ای سی پی نے آر ٹی ایس بٹھایا تو اچھا تھا۔ آج وہ قانون کے مطابق چل رہا ہے تو برا ہو گیا ہے۔ تحریک انصاف نہ تحریک ہے نہ ہی انصاف ہے۔ ایک وقت آئے گا تم  منہ چھپاتے پھرو گے۔

ای پیپر-دی نیشن