پاکستان کیساتھ قرض معا ہدہ ، کمزور طبقات کو تحفظ ملے گا : آئی ایم ایف
واشنگٹن(آئی این پی) آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جیری رائس نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ قرض معاہدے سے پاکستان میں کمزور طبقات کو تحفظ ملے گا۔پریس بریفنگ میں ڈائریکٹر آئی ایم ایف جیری رائس نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ اسٹاف کی سطح پر معاہدہ ہو گیا، اس معاہدے کے تحت پاکستان کو ایک ارب 17 کروڑ ڈالر ملیں گے، جس سے پاکستان کو جاری رقم 4.2 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔جیری رائس نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف معاہدہ بہت زیادہ خبروں میں رہا، اور یہ اس پروگرام کے مشترکہ ساتویں اور آٹھویں جائزے پر مبنی ایک معاہدہ ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس معاہدے سے پاکستانی معیشت میں استحکام لانے میں مدد ملے گی، دیگر چیزوں کے علاوہ زیادہ کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے سوشل سیفٹی نیٹ میں اضافہ ہوگا، اسٹرکچر اصلاحات اور میکرو اکنامک صورت حال میں بہتری آئے گی۔جیری رائس نے بتایا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 3 سے 6 ہفتے میں ہوگا۔