• news

آرٹیکل 6 عدالتی فیصلہ نہیں، اضافی نوٹ ہے: شیخ رشید 


 لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے  زمین  کی فروخت میں سرکاری فیس کی ادائیگی میں کروڑوں روپے کے مبینہ غبن کیس میں محکمہ اینٹی کرپشن کو سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے 27 جولائی کو فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ وکیل  نے موقف اختیار کیا کہ اینٹی کرپشن میں 15 جولائی کی طلبی کا نوٹس غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے اور حتمی فیصلے تک اینٹی کرپشن کو غیر قانونی ہراساں کرنے سے بھی روکا جائے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کی درخواست سے تو ظاہر ہوتا ہے کہ یہ رقبہ ابھی فروخت کے معاہدے میں ہے، ابھی تو آپ کو پوری رقم نہیں ملی تو یہ فروخت شدہ رقبہ کیسے ہوا؟۔ درخواست گزار کے وکیل انتظار حسین نے کہا کہ ضلع اٹک میں 149 کنال کے رقبے کا 67 کروڑ میں رائل ریذیڈینشیا کیساتھ کا معاہدہ کیا تھا، رائل ریذیڈینشیا سے 10 کروڑ روپے ایڈوانس وصول کیے،57 کروڑ کی ادائیگی 23 فروری 2022 تک مکمل ہو نا تھی، ابھی 85  فیصد رقم وصول کرنا باقی ہے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کے کہنے پر مجھے آج اینٹی کرپشن نے بلایا تھا، رانا جبار، رانا ثناء اللہ کا رشتے دار ہے، منشیات فروش کو کہنا چاہتا ہوں کے زمین میری ہے میں نے بیچی ہے، عمران کا فیصلہ عمران کے حق میں ہے، آرٹیکل 6 کا نام لینے سے پہلے وضو کرنا پڑتا ہے، عمران خان کا بیانیہ چوروں اور لٹیروں کے خلاف ہے، اگر ہمت ہے تو عمران خان کو پکڑیں وہ لاہور آ رہا ہے، پٹرول میں کم کئے گئے تھوڑے سے پیسے جوتی پر وار کر پھینک دئیے گئے، انہوں نے کہا ووٹ کو عزت دو لیکن لوٹے کو عزت دی،گوالمنڈی کا لوٹا ہے جس میں 6 چھید ہیں، پولیس کی پاکستان میں کوئی اوقات نہیں، 25 تاریخ کو رینجرز نہ نکلتی تو پولیس نے ہتھیار پھینک دیئے تھے، میں نے 4 بجے کا وقت دیا تھا لانگ مارچ میں شرکت کا میں پونے 4 بجے پہنچ گیا، میری سکیورٹی انہوں نے واپس لے لی جو بورڈ نے دی تھی، میری زمین ہے میں نے بیچی ہے ، شریف آدمی نے ابھی تک مجھے پیسے بھی نہیں دیئے۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ نہیں کہ عمران خان پر آرٹیکل چھ لگا دیا جائے، قوم کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لاہور میں عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ آرٹیکل چھ لگا کر دکھائیں، یہ اضافی نوٹ ہے۔ اگر لاہور والوں نے پرسوں فیصلہ دیدیا تو ساری باتیں دھری کی دھری رہ جائیں گی۔ شیخ رشید نے کہا کہ پورے پنجاب کی سیٹیں جیتنے کا تو اللہ کو پتہ ہے ، ہم صرف عمران خان کی الیکشن مہم چلا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن