کراچی ضمنی الیکشن‘ اے این پی نے متحدہ کی حمایت کر دی‘ بلدیاتی انتخابات اکٹھے لڑنے کا اعلان
کراچی (نیوز رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی نے این اے 245کراچی کے ضمنی انتخاب میں ایم کیو ایم پاکستان کی حمایت کا اعلان کردیا۔ شاہی سید کا کہنا ہے دونوں پارٹیاں کراچی کو ترقی دینے کیلئے کام کریں گی۔ وسیم اختر نے کہا بلدیاتی نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر شاہی سید اور ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر وسیم اختر نے باچا ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ وسیم اختر نے وفد کے ہمراہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی دفتر باچا خان ہائوس پہنچ کر سندھ کے صدر شاہی سید سے ملاقات کی۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے ندرون سندھ سندھی اور پختون برادری کے درمیان لسانی فسادات پر تشویش کا اظہار کیا ۔ وسیم اختر نے کہا شہری علاقوں کی تعمیر و ترقی میں پختون برادریوں کا اہم کردار رہا ہے حال ہی میں جس طرح اندرون سندھ پختون برادریوں کوشناختی کارڈ کی بنا تشدد کا نشانہ بنایا گیا وہ قابل مذمت ہے ۔ سندھ بولنے والے بھی ہمارے بھائی ہیںان کو چاہئے دوسری قومیت کا بھی احترام کریں ۔شاہی سید نے کہا بلدیاتی انتخابات میں بھی ہم دونوں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ وسیم اختر کا کہنا ہے کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ ملکر اس شہر اور صوبے کے امن کیلئے کام کریں گے۔