• news

جو با ئیڈن سعودی عرب پہنچ گئے، فرمانروا، ولیعہد سے ملا قا تیں 


جدہ+ مغربی کنارا (ممتاز احمد بڈانی+ امیر محمد خان) صدر بائیڈن شاہ سلمان اور ولی عہد سے ملاقات کے لیے تاریخی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ امریکی صدر جو بائیڈن اسرائیل اور فلسطین میں دو دن گزارنے کے بعد  اپنے دورہ مشرق وسطیٰ کے آخری پڑاؤ پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ دورہ سعودی عرب کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ سعودی عرب روانگی سے قبل جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ’فلسطینی عوام کو اسرائیل کے ساتھ امن کے لیے سیاسی راہ کی ضرورت ہے، چاہے وہ راستہ دو ریاستی حل ہی کی صورت میں ہو۔ عرب میڈیا کے مطابق جو بائیڈن نے جمعہ کو اپنے مغربی کنارے کے دورے کے دوران فلسطینی رہنما محمود عباس کے ساتھ ملاقات کے بعد امریکہ کی جانب سے فلسطینی شہریوں اور الجزیرہ کی صحافی شیریں ابو عاقلہ کے قتل میں ملوث افراد کو جواب دہ ٹھہرانے کی کوششوں کی مکمل حمایت کا عزم بھی دہرایا ہے۔ بائیڈن نے بدھ کو اس خطے میں پہنچنے کے بعد سے فلسطینی ریاست کے لیے اپنی حمایت پر بار بار زور دیا ہے۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ 2014 کے بعد سے جاری امن کے عمل کی وجہ سے ’دونوں ریاستوں کا ہدف بہت دور لگتا ہے۔ بائیڈن نے اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے میں بیت المقدس کے دورے کے دوران کہا کہ ’کوئی ایسا سیاسی افق ہونا چاہیے جسے فلسطینی عوام حقیقت میں دیکھ سکیں یا کم از کم اسے محسوس کر سکیں۔ ہم ناامیدی کو مستقبل چرانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ اس ملاقات میں محمود عباس نے اسرائیل کے پانچ دہائیوں کے قبضے پر فلسطینیوں کی دیرینہ مایوسی کو بیان کیا۔ فلسطینی صدر نے کہا کہ پی ایل او کو دہشتگردوں کی فہرست سے ہٹانے، واشنگٹن میں فلسطینی دفتر دوبارہ کھولنے کے منتظر ہیں۔ صحافی شیریں ابو عاقلہ کے قاتلوں کو پکڑنے کیلئے امریکی حمایت چاہتے ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ ’’دو ریاستی‘‘ حل کے ہدف کے امریکی عزم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ فلسطینی اس وقت تکلیف میں ہیں محسوس کر سکتے ہیں۔ فلسطینی اداروں کو مضبوط کرنے کا وقت ہے۔ دریں اثناء  امریکی صدر جوبائیڈن نے فلسطین کے آگستا وکٹوریہ ہسپتال کے لئے 10 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کر دیا ہے۔ جوبائیڈن نے مزید کہا کہ امریکا فلسطین اور اسرائیل کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے کوشاں ہے۔ اگرچہ حالات سازگار  نہیں ہیں لیکن میری انتظامیہ کوشش جاری رکھے گی۔ سعودی میڈیا کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع بھی ہیں، اور امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعہ کو جدہ کے السلام محل میں ان سے بات چیت کی۔ بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے پہلوؤں اور علاقائی اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے طریقوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ولی عہد اور بائیڈن نے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان ایک بڑی میٹنگ کی سربراہی کی۔ ملاقات کے بعد دونوں رہنمائوں نے بعد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔  

ای پیپر-دی نیشن