20نشستیں جیتیں گے، قوم کل لو ٹوں کو بلے سے پھینٹا لگتے دیکھے گی: عمران
لاہور+فیصل آباد (نیوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی+ نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ قوم 17 جولائی کو لوٹوں کو بلے سے پھینٹا لگتے دیکھے گی، امریکہ ان کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرے گا۔ چک جھمرہ میں جلسے سے خطاب میں عمران نے کہا کہ چک جھمرہ کے عظیم شہریوں کو سلام پیش کرتا ہوں، آج اللہ نے میری قوم میں شعور پیدا کردیا ہے، ملک کی 75 سالہ تاریخ میں قوم کبھی اتنی بیدار نہیں تھی، علی افضل ساہی کو 17 جولائی کو جاگی ہوئی قوم ووٹ ڈالے گی، قوم سمجھ چکی ہے ملک کیخلاف بڑی بیرونی سازش ہوئی، ملک کے غداروں نے اس سازش کو کامیاب کیا۔ دوخاندان 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے، چوروں نے اقتدار میں آتے ہی 1100 ارب کا ڈاکہ مارا، ترامیم کر کے نیب کو تقریباً ختم کردیا گیا، چوروں نے اقتدار میں آکر این آر او لیا، پہلے انہوں نے مشرف دور میں اپنی چوری معاف کرائی تھی، دس سالوں میں دو خاندانوں نے مل کر لوٹا تھا۔ سپریم کورٹ گیا ہوں، ان چوروں کا آخری گیند تک مقابلہ کروں گا، ان کو قوم کا 1100 ارب ہضم نہیں کرنے دونگا، آپ سب نے میرا ساتھ دینا ہے، آپ میری ٹیم اور میں آپ کا کپتان ہوں، مجھے مقابلہ کرنا آتا ہے۔ کیا امریکا ہمارا خیر خواہ اور اس ملک کی بہتری چاہتا ہے؟، امریکا تابعدار حکمران چاہتا ہے، ایک فون پر مشرف نے گھٹنے ٹیک دیئے تھے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانی مارے گئے تھے، آج بھی ہمارے فوجی جوان بارڈر پر قربانیاں دے رہے ہیں، زرداری، نواز شریف آئے تو قوم نے سمجھا یہ جمہوری لیڈر ہیں، زرداری، نواز شریف دور میں امریکا نے 400 ڈرون حملے کیے، ڈرون حملوں میں خواتین، بچوں سمیت ہزاروں لوگ مارے گئے۔ امریکا سمیت سب کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن کسی کی غلامی قبول نہیں، امریکا کو مجھ جیسا آزاد لیڈر پسند نہیں، امریکا بوٹ پالش کرنے والے شہباز شریف کو پسند کرتا ہے۔ یہ قوم بھکاری نہیں ہم غیرت مند لوگ ہیں۔ زرداری اور شریف خاندان 32 سال سے ہاتھ پھیلا کر بیٹھے ہیں اگر آپ میں غیرت ہوتی تو آپ پیسہ واپس لاتے۔ بھیک نہ مانگتے، کیا عزت رہ جاتی ہے۔ پاکستانیوں کی جب ہمارے حکمران باہر جا کر پیسہ مانگتے ہیں شہباز شریف خودکہتا ہے ہم بھکاری ہیں شہباز شریف قوم غیرت مند ہے تمہیں بھیک مانگتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔ ہمیں ایک بھکاری وزیراعظم نہیں چاہئے شہباز شریف نے قوم کو شرمندہ کرا دیا۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف 20 کے 20 حلقوں میں الیکشن جیتے گی۔ ان لوگوں نے دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ 17 جولائی کو انہوں نے دھاندلی کے ریکارڈ توڑتے کا پروگرام بنایا ہوا ہے۔ انہیں پتہ ہے تمام حلقوں میں تحریک انصاف جیت رہی ہے تمام سروے تحریک انصاف کے حق میں ہیں۔ اتوار کو سب نے تیاری کرنی ہے ایک‘ ایک پولنگ سٹیشن پر پہرہ دینا ہے۔ نواز شریف نے ریڈیو آکاش وانی کو پاکستان میں چھوڑا ہوا ہے جو سچ بول ہی نہیں سکتی۔ پٹرول کی قیمت 150 روپے اور فضل الرحمن کی قیمت 159 روپے کرنی چاہئے۔ لندن کے مہنگے علاقے میں جائیداد کی مالکن مریم نواز ہیں ایک بار نہیں بتا سکے کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا۔ افسوس ہے کہ ہمارا نظام انصاف بڑے ڈاکو کو نہیں پکڑ سکتا۔ قبل ازیں ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا کہ بدعنوانی ایک سرطان کی مانند ہے، بدعنوانی ترقی کا سفر کھوٹا کرتی اور سرمایہ کاری کو روکتی ہے، ہمارے قائدین حق پر تھے۔ چوری جس کے مرتکب افراد ہوتے ہیں کے برعکس بدعنوانی ایک سرطان کی مانند ہے جو ایک قوم کے پورے وجود میں اپنے پنجے گاڑتی اور اسے تباہ و برباد کرکے رکھ دیتی ہے۔ ایک ایسے ملک میں خصوصاً جس کی قیادت کرپٹ ہوتی ہے یہ ترقی کا سفر کھوٹا کرتی اور سرمایہ کاری کو روکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق عمران خان اکیس اور بائیس جولائی کو حیدر آباد اور کراچی کا دورہ کریں گے، جبکہ بائیس جولائی کو پاکستان تحریک انصاف کراچی کے مزار قائد میں بھرپور پاور شو کا مظاہرہ کرے گی۔ مزار قائد این اے دو سو پینتالیس کے حلقے میں آتا ہے جہاں ستائیس جولائی کو ضمنی الیکشن ہونے جارہے ہیں، مذکورہ نشست پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق عمران نے کہا ہم نے بھارت میں انکے امپائروں کے ساتھ انہیں شکست دی تھی اب 17 تاریخ کو حمزہ کو بھی شکست دیں گے۔ کسی صورت دھاندلی نہیں ہونے دیں گے۔ میں اپنے نوجوان امیدوار علی افضل کو پیشگی مبارک باد دیتا ہوں۔ جلسہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار علی افضل ساہی، سابق ایم پی اے ظفر ذوالقرنین ساہی، سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے بھی خطاب کیا۔ مختلف علاقوں سے میاں حماد ذوالفقار انصاری، ندیم آفتاب سندھو، حافظ ممتاز کے علاوہ متعدد مقامی پی ٹی آئی رہنما جلوس لے کر پہنچے۔ عمران خان نے لاہور میں حلقہ پی پی 168 میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے سروے کے مطابق نواز اعوان لوٹوں سے آگے نکل گئے ہیں۔ چیری بلاسم نے بڑی گیم کی ہے ڈیزل پہلے 130 روپے بڑھایا پھر 35 روپے کم کر دیا۔ لوٹوں کی اصل جگہ صرف غسل خانے ہیں۔ عوام نے خوف کی زنجیریں توڑی دی ہیں۔ شہباز شریف کیا تم قوم کو بے وقوف سمجھتے ہو۔ یہ قوم باشعور ہے۔ یہ دھاندلی کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے 15 سے 20 ہزار جعلی ووٹ تیار کئے ہوئے ہیں۔ سندھ بلدیاتی الیکشن پر چیف الیکشن کمشنر کو مستعفی ہونا چاہئے تھا۔ الیکشن ایمانداری سے نہیں کرا سکتے شرم ہونی چاہئے۔ پولنگ ایجنٹس کو تیار کریں تاکہ دھاندلی نہ ہو سکے۔ انہوں نے دھاندلی کیلئے ایک کوڈ بنایا ہوا ہے۔ ون ان ٹو 2 اور ٹو ان ٹو تھری۔ یعنی کوئی ایک ووٹ ڈالے گا تو یہ دھاندلی سے اس کو دو بنا دیں گے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ چوروں کو کس نے ملک پر مسلط کیا؟ سازش کیوں ہوئی؟ تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کے بجائے میرے خلاف آرٹیکل 6 کی بات ہو رہی ہے، لگاؤ مجھ پر آرٹیکل 6 ، کم از کم عدالت کو یہ بتانے کا موقع تو ملے گا کہ قوم کے ساتھ کیا ہوا۔