• news

سو شل میڈیا پر کر دار کشی ، ہراسگی ، غیر اخلاقی مواد، وزیر دا خلہ کی ایف آئی اے کو کر یک ڈائون کی ہدایت


 اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کی زیرصدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، آئی جی پنجاب راؤ سردارعلی خان، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محمد طاہر رائے، قائم مقام چئیرمین نادرا بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) خالدلطیف اور دیگرحکام نے شرکت کی۔ سوشل میڈیا پر شہریوں کی ہراسگی، غیراخلاقی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے، بلیک میلنگ اوران کی کردارکشی سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ سوشل میڈیا کے ذریعے غیراخلاقی مواد کی تشہیر، شہریوں کی ہراسگی اورکردار کشی کی ذریعے ساکھ خراب کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ۔ وزیر داخلہ نے سائبرکرائم میں ملوث ایسے افراد کے خلاف سخت اور فوری ایکشن کیلئے ڈائیریکٹر جنرل ایف آئی اے کو ہدایات جاری کردیں۔ اجلاس میں سائبرکرائم بالخصوص ہراسگی اور توہین آمیز مواد اپ لوڈ کرنے اور اس کی تشہیر سے متعلق قوانین کو مؤثر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ہراسگی اور کردارکشی پر PECA 2016 میں ضروری ترامیم لانے کیلئے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد اور شہریوں کی کردارکشی کے ذریعے ساکھ خراب کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ سوشل میڈیا پرغیراخلاقی اور توہین آمیز مواد کی موجودگی اور اس کی تشہیر سے معاشرے میں انارکی اور بیگاڑ کا اندیشہ ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ متعلقہ ادارے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں۔ شہریوں کی عزت نفس محفوظ بنانے، ان کو ہراسگی اور بلیک میلنگ سے بچانے کیلئے ایف آئی اے، پی ٹی اے اور دیگر ادارے فعال کردار ادا کریں۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ شہری اپنی شکایات ایف آئی اے کے رابطہ نمبرز پر بھیجیں۔ شہری شکایات ایف ائی اے پورٹل، شکایت نمبر 111345786 یا ایف آئی آئے کے کسی بھی دفتر میں درج کروا سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن