سعودی عرب نے دنیا بھر کی ائر لا ئنز کیلئے فضائی حدود کھول دیں
ریاض (نوائے وقت رپورٹ) سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ دنیا کی تمام ایئر لائنز سعودی سول ایوی ایشن کی شرائط کو پورا کرتے ہوئے ملک کی فضائی حدود استعمال کر سکتی ہیں۔ اتھارٹی نے ایک ٹویٹ میں کہا: ’تمام طیارے جو اوور فلائنگ کے لیے اتھارٹی کی شرائط کو پورا کرتے ہیں‘ جن کو سعودی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی۔تاہم اتھارٹی نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ حکم کب سے نافذ عمل ہو گا۔سعودی اتھارٹی نے بیان میں مزید میں کہا کہ یہ فیصلہ مملکت کی ’1944 کے شکاگو کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی خواہش کے نتیجے میں کیا گیا ہے، فیصلے سے تینوں براعظموں کو جوڑنے والے عالمی مرکز کے طور پر مملکت کی پوزیشن کو مستحکم کرنے اور بین الاقوامی فضائی رابطوں کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ دوسری طرف سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیر ٹرانسپورٹ نے اپنے خیرمقدمی بیان میں کہا ’اسرائیلی طیارے کو بھی سعوی فضاؤں سے گزرنے اور انہیں استعمال کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔ سعودیہ کے اس اہم قدم کے نتیجے میں اسرائیلی طیاروں کے لئے فضائی راستوں کی طوالت بھی کم ہو گی اور اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔ خیال رہے سعودی عرب کی طرف سے یہ اہم فیصلہ امریکی صدر کے سعودیہ پہنچنے سے پہلے جمعہ کے روز ہی کیا گیا ہے۔