• news

ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی مہم ختم : پر یذا ئیڈنگ افسر فارم 45کی تصویر کھینچتے وقت لو کیشن آن رکھیں گے


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار‘ اپنے سٹاف رپورٹر سے) پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں الیکشن مہم کا وقت گزشتہ رات 12 بجے ختم ہوگیا۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق17 جولائی  2022 کو پنجاب  کے 20 حلقوں میں ضمنی  انتخابات منعقد  ھو رھے ھیں جس کیلئے  15 جولائی کو رات 12 بجے انتخابی مہم کا وقت ختم ہو گیا ہے۔ رات 12  بجے کے بعد کوئی امیدوار اپنے حلقہ میں انتخابی مہم نہیں چلا سکتا بصورت دیگر قانون کی خلاف ورزی پر الیکشن ایکٹ 2017  کی دفعہ 182 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے پی پی 7 راولپنڈی، پی پی 83 خوشاب، پی پی 90 بھکر، پی پی 97 فیصل آباد، پی پی 125 جھنگ، پی پی 127 جھنگ، پی پی 140 شیخوپورہ، پی پی 158 لاہور، پی پی 167 لاہور، پی پی 168 لاہور، پی پی 170 لاہور، پی پی 202 ساہیوال، پی پی 217 ملتان، پی پی 224 لودھراں، پی پی 228 لودھراں، پی پی 237 بہاولنگر، پی پی 272 مظفرگڑھ، پی پی 273 مظفرگڑھ، پی پی 282لیہ اور پی پی 288 ڈیرہ غازی خان میں پولنگ ہو گی۔ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات17  جولائی 2022کو ہوں گے۔ انتخابی عمل کو صاف، شفاف، پرامن اور قانون کے مطابق منعقد کرانے کے حوالے سے الیکشن کمشن نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ پریذائیڈنگ افسران ریٹرننگ افسران سے پولنگ بیگ وصول کریں گے۔ پولیس پریذائیڈنگ افسران کو سکیورٹی فراہم کرے گی۔ پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے اہلکار لاء اینڈ آرڈر کو یقینی بنانے کے لیے ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ پولنگ کے دن فارم 45 کی تصویر کھنچتے وقت موبائل پر اپنی لوکیشن آن رکھیں گے اور فوراً ریٹرننگ افسران کو واٹس  ایپ پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بھیجیں گے۔ انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں پریذائیڈنگ افسر فوراً ریٹرننگ افسروں کے دفتر پہنچ کر فارم 45 کی اصل کاپی ریٹرننگ افسران کے حوالے کریں گے۔ ہر پریذائیڈنگ  افسر فارم 45 کی اوریجنل کاپی بمع  Snapshot  بشمول Forensic details    ریٹرننگ افسر کو دکھائے گا۔ ریٹرننگ افسر تصویر اور لوکیشن کی تفصیلات کا جائزہ ‘ پریذائیڈنگ افسران کے موبائل پر موجود لوکیشن اور وقت کی تفصیلات کی تصویر اپنے موبائل میں حاصل کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے ہدایات دی ہیں کہ ہر امیدوار اپنے پولنگ ایجنٹس کی تربیت کو یقینی بنائے اور آگاہ کرے کہ کوئی بھی پولنگ ایجنٹ پریذائیڈنگ افسر کا دستخط شدہ فارم 45  وصول کیے بغیر پولنگ سٹیشن نہ چھوڑے۔ ہر پریذائیڈنگ افسر متعلقہ پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 کی دستخط شدہ کاپی پولنگ سٹیشن پر ہی مہیا کرنے کا پابند ہو گا۔ ریٹرننگ افسران نے خصوصی کنٹرول رومز قائم کئے ہیں جو پولنگ کا عمل شروع ہونے سے ابتدائی نتائج کے مرتب ہونے تک کام کرتے رہیں گے۔ الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں 175 امیدوار حصہ لے رہے ہیں اور سب سے زیادہ پی پی 158 لاہور میں 14 امیدوار مدمقابل ہیں۔ 9 ہزار 528 پولنگ بوتھ  قائم کئے گئے ہیں۔ ضمنی انتخابات میں 45 لاکھ 96 ہزار 873 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔دریں اثنا  وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت 17 جولائی کے ضمنی انتخابات میں امن وامان کے انتظامات کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرداخلہ پنجاب عطااللہ تارڑ، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل، آئی جی پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان اور اعلیٰ فوجی حکام سمیت دیگر حکام نے شرکت کی ۔ ضمنی انتخابات کے حلقوں میں سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کے حوالے سے  چیف الیکشن کمشنر کے مراسلے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ضمنی انتخابات کے دوران امن امان کیلئے رینجرز کے علاوہ فرنٹیر کانسٹیبلری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب اور سندھ کے ضمنی انتخابات کے تمام حلقوں میں آتشیں اسلحہ کی نمائش‘ ساتھ رکھنے پرمکمل پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ آتشیں اسلحہ پابندی احکامات کی خلاف ورزی پر فوری گرفتاری‘ اسلحہ ضبطگی اور لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں گجرات سے لاہور میں لائے گئے 300 اسلحہ بردارافراد کے حوالے سے رپورٹوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ایسے مسلح افراد کی ضمنی الیکشن کے دوران امن وامان پر اثر انداز ہونے کے باعث  پیشگی اقدامات لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ امن وامان کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کرنے کیلئے وزارت داخلہ میں 16 اور17 جولائی کیلئے خصوصی کنٹرول روم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے حلقوں میں کسی بھی شخص کو اسلحہ کی نمائش یا ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ضمنی انتخاب کے دوران حلقوں میں شرپسند عناصر اور اسلحہ بردار افراد کی موجودگی کسی صورت قبول نہیں۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے آتشیں اسلحہ پابندی پرسختی سے عملدآمد یقینی بنائیں۔ قانون نافذکرنے والے ادارے انٹیلیجنس رپورٹس کی بنیاد پر شرپسند عناصر کیخلاف پیشگی اقدامات لیں۔ ضمنی انتخابات کے حلقوں میں دوسرے صوبوں سے لائے گئے شرپسند عناصر پرکڑی نظررکھی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن