• news

معاشی گنجائش ہوئی تو عوام کو مزید ریلیف دیں گے، دہشتگردی کا کاتمہ قومی عزم : وزیراعظم 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ فوج کے افسروں اور جوانوں کی مادر وطن کیلئے عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ دہشت گردی کا خاتمہ قومی عزم ہے۔ پوری قوم اس پر یکسو ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف  نے  لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ کرنل لئیق شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ دہشت گردوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے۔ فوج کے افسروں اور جوانوں کی مادر وطن کیلئے عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ دہشت گردی کا خاتمہ قومی عزم ہے۔ پوری قوم اس پر یکسو ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرنل لئیق بیگ شہید کے اہل خانہ کے غم میں شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ کا یوم جمہوریہ و قومی یکجہتی عوام کی طرف سے صدر اردگان کی قیادت پر غیرمتزلزل اعتماد کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ترکیہ کے یوم جمہوریہ و قومی یکجہتی کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ یہ دن ترک قوم کی طرف سے جمہوریت کے تحفظ اور بالادستی کے عزم کا بھی اظہار ہے۔ اللہ تعالیٰ (ترک) شہدا کے درجات بلند فرمائے۔ علاوہ  ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے عوام سے کئے گئے میرے وعدے کے مطابق اتحادی حکومت نے فوری طور پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے فائدے کو عوام تک منتقل کیا ہے۔ ٹویٹ میں وزیراعظم نے یقین دلایا کہ جیسے ہی مزید معاشی گنجائش پیدا ہوگی‘ ہم عوام کو ریلیف پہنچاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں عوام سے ہمیشہ سچی بات کرنے پر یقین رکھتا ہوں۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مصر اور پاکستان کے درمیان باہمی مفاد کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی‘ تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی میں تعاون مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف سے مصر کے سفیر طارق داروگ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مصر کو کوپ 27 کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ محمد شہبازشریف نے ان کی توجہ بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب دلائی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ مصر کے سفیر نے شہباز شریف کو وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے مصر کے صدر فتح السیسی کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

ای پیپر-دی نیشن