اصل دین قرآن مجید یعنی اسلام ہے:سید ریاض حسین نجفی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) وفاق المدار س الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے واضح کیا ہے کہ اصل دین قرآن مجید یعنی اسلام ہے۔ اسلام کے علاوہ کوئی بھی دین قبول نہیں کیا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہم نے قرآن کو اس لئے نازل فرمایا تاکہ لوگوں کو تاریکیوں سے نکال کر نور کی طرف لے جائے۔رسول اللہ اس دین و قرآن کے مفسر ، مبین اور شارح ہیں۔ اللہ کے رسول نے فرمایا کہ میں تمہارے درمیان دو گراں چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں۔ ایک اللہ کی کتاب کہ جو ثقل اکبر ہے اور دوسری میری عترت اور اہل بیت ثقل اصغر ہیں جو ان سے تمسک کرے گا۔ وہ کبھی بھی گمراہ نہیں ہو گا۔ جس طرح اصل دین قرآن ہے اسی طرح اس رسول اللہ کی رسالت اورآئمہ ھدیٰ کی امامت بھی اصل دین ہے لیکن انبیاءاور اولیاءالٰہی یہ سب اس قرآن کے مبلغ ، مفسر اور شارح ہیں۔ اصل یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جن کو ہادی بنا کر بھیجا ہے۔ انہی کی ہدایت کے مطابق انسان کو زندگی گزارنی چاہیے۔ اللہ تعالیٰ نے انبیائ، اولیاءاور آئمہ اہل بیت کو اپنا ہادی بنا کر بھیجا ہے۔