تلاشی کا رروائیاں جاری ، غلطی سے کنٹرول لائن عبور کر نیوالی خا تون سمیت گرفتار
سرینگر،جموں(کے پی آئی) بھارتی فوج نے غلطی سے لائن آف کنٹرول ایل او سی عبور کرنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا ہے ۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق 49سالہ روزینہ کو جمعہ کی رات ضلع پونچھ کے چکن داباغ سیکٹر سے گرفتار کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق روزینہ دختر محمد ایوب اسلام آباد کی رہائشی ہے ۔ بھارتی فوج نے روزینہ کو بعد ازاں جموں وکشمیر پولیس کے حوالے کر دیا ہے ۔جبکہ سری نگر سے پانچ نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ان نوجوانوں پر الزام ہے کہ وہ عسکریت پسندوں کی صفوں میں شامل ہونا چاہتے تھے۔ ان نوجوانوں میں بلال احمد ملہ ولد محمد صادیق ساکنہ لولاب ،، حسیب فاروق ولد فاروق احمد ساکنہ پلوامہ،، شاہ فہد شبیر ولد شبیر احمد تیلی ساکنہ پلوامہ،محمد امروز ڈار ولد فیاض احمد ڈار ساکن بنڈرو پلوامہ اور ریاض احمد مغل ولد عبدالرشید مغل ساکن، کپوڑہ شامل ہیں۔دوسری جانب جموں میں این آئی اے کی عدالت نے دو کشمیری صحافیوں فہد شاہ اورعبدالاعلی فاضلی کی ضمانت کی درخواست کومسترد کر دیاہے۔ ان صحافیوں پر بھارت سے غداری ، بھارت کے خلاف جنگ چھیڑنے کے الزامات پر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔