سی سی پی او کا رات مختلف پولنگ سٹیشنز، کیمپ آفسز ‘ پولیس ناکوں کا دورہ
لاہور (نامہ نگار)سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے گزشتہ رات مختلف پولنگ سٹیشنز، کیمپ آفسز اور پولیس ناکوں کا دورہ کیا۔انہوں نے یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کالج گلبرگ،گورنمنٹ شہدا اے پی ایس سکول فار بوائز ماڈل ٹاؤن کے پولنگ سٹیشنز جبکہ گورنمنٹ کالج فار ویمن ٹاؤن شپ اور واپڈا ٹاؤن میں قائم کیمپ آفسز کے علاوہ بھلہ چوک جوہر ٹاؤن، اللہ ہو گول چکرجوہر ٹاون،الجنت شادی ہال ٹاون شپ،امیر چوک گرین ٹاؤن ناکوں کی چیکنگ کی اور وہاں سکیورٹی و لاجسٹک انتظامات کا جائزہ لیا۔سی سی پی او نے پولیس افسران کو الیکشن کمیشن کی ہدایات،پْر امن الیکشن کے انعقاد پر بریف کیااور کہا کہ الیکشن ڈیوٹی پر تعینات اہلکار انتخابی عمل مکمل ہونے تک اپنے اپنے پوائنٹس پر موجود رہیں گے۔