دولہے، نابینا، معذور افراد اور بزرگ بھی ووٹ ڈالنے آئے
شیخوپورہ، ملتان، شجاع آباد، بہاولنگر (نمائندہ خصوصی+ سپیشل رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت+ این این آئی) حلقہ پی پی140 کے ضمنی انتخاب میں شیخوپورہ کے محلہ رام گڑھا کا رہائشی محمد ذیشان نے اپنی بارات سے قبل بینڈ باجے کے ساتھ (گلی مادھووالی) پولنگ سٹیشن پہنچا جہاں اس نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ دولہا محمد ذیشان جب پولنگ سٹیشن کی طرف آرہا تھا تو اس نے ہاتھ میں تحریک انصاف کا پرچم بھی پکڑا ہوا تھا، دولہا محمد ذیشان نے بتایا کہ عمران خان کی پالیسیاں ملک اور عوام دوست تھیں۔ میں نے نوافل ادا کر کے ووٹ کاسٹ کیا ہے اور اب باراتیوں کے ساتھ دلہن کو لیجانے جا رہا ہوں۔ شیخوپورہ صوبائی الیکشن میں شدید حبس اور گرمی کے باوجود بھی بزرگ مرد وخواتین کی بڑی تعداد اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پولنگ سٹیشن پہنچیں، کوئی وہیل چیئر تو واکر سٹک استعمال کرتے ہوئے پولنگ سٹیشن پہنچے، ان میں محلہ مجاہد نگر،گورنمنٹ گرلز کالج، نورالامین کالونی، محلہ جہانگیر آباد سمیت دیگر مقامات پر بزرگ مردوخواتین ووٹرز نے ووٹ کاسٹ کئے۔ پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 228 لودھراں 5 میں 100سالہ بزرگ ووٹ کاسٹ کرنے پہنچے، 100سالہ بزرگ پیر بخش کے ساتھ ان کا بیٹا اور پوتا بھی ووٹ ڈالنے آئے۔ حلقہ پی پی 288 میں 70سالہ نابینا شخص ووٹ کاسٹ کرنے پہنچا، 70سالہ حاجی پلیہ خان نے پولنگ سٹیشن چھابڑی بالا میں اپنا ووٹ ڈالا۔ دوسری جانب پی پی 228 لودھراں کے پولنگ سٹیشن نمبر 27 میں نوبیاہتا جوڑا ووٹ ڈالنے پہنچ گیا۔ ایس ایچ او تھانہ جلیل آباد کلیم چوہان نے 90 سالہ معذور بزرگ کو کندھوں پر اٹھا کر پولنگ سٹیشن پہنچانے میں مدد کی۔ ملتان کے ضمنی الیکشن میں ایک بزرگ خاتون جس کی عمر سو سال کے قریب بتائی گئی ہے نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ ان کے ووٹ ڈالنے کے دوران ان کے ہمراہ دیگر خواتین بھی ساتھ آئیں۔ بزرگ خاتون نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد کہا کہ جمہوریت کا حسن یہ ہے کہ ووٹ ہر صورت ڈالا جائے، سب کو اپنا ووٹ کاسٹ کرنا چاہئے۔ یہی جمہوریت کو مضبوط کرنے کا راستہ بھی ہے۔ ضلع بہاولنگر کے حلقہ پی پی 237 میں دو دولہے ووٹ ڈالنے پہنچ گئے۔ حلقہ پی پی 237 میں دو کزنز دولہوں نے بارات سے پہلے ووٹ ڈالا۔
دولہے، بزرگ