جلیل شرقپوری کو پیمنٹ دے دی آواز میری پیسے کا لین دین نہیں ہوا مذاق کررہا تھا شیخ رشید
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ن لیگ کے سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری سے متعلق لیک آڈیو کی تصدیق کردی۔ سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ آواز میری ہی ہے، میں مذاق میں بات کررہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پیسے کا کوئی لین دین نہیں ہوا۔ خیال رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ٹیم کے اہم رکن شیخ رشید احمد کی ن لیگ کے سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرقپوری سے متعلق آڈیو سوشل میڈیا پر لیک ہوگئی۔ آڈیو لیک میں شیخ رشید چوہدری گل زمان نامی شخص سے رقم کی ادائیگی سے متعلق بات کر رہے ہیں، وہ کہہ رہے ہیں کہ ' پھر کل شرقپوری کو بھی آپ نے پیمنٹ دے دی ہے، گل زمان نامی شخص نے کہا کہ یہ ٹیلی فون ہے خدا کے بندے، صورت حال دیکھنا، بیڑا پار ہوگا، انشاء اللہ'۔ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میرے نام سے جو مبینہ آڈیو آئی ہے‘ وہ رانا ثناء اللہ نے جاری کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ جلیل احمد شرقپوری ایک عظیم‘ شریف اور دیانتدار شخص ہیں۔ وہ ناموس رسالت کی حفاظت کرنے والے انسان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلیل احمد شرقپوری کی عزت پر کسی قسم کا کوئی دھبہ نہیں ہے۔ حکومت کو تکلیف ہے جلیل شرقپوری نے اپنا استعفیٰ پرویزالٰہی کو کیوں دیا کیونکہ وہ وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔ جلیل احمد شرقپوری کی حلف پر میں قسم کھاتا ہوں کہ وہ نیک انسان ہیں۔ میری طرف سے جو باتیں کی گئی ہیں‘ اس میں میں نے کچھ ازراہ مذاق بات کی ہے‘ لیکن ساری قوم دیکھ لے حکومت فون ٹیپ کرنے سے باز نہیںآتی۔ یہ اللہ کی پکڑ میں آئیں گے۔
شیخ رشید