شفاف الیکشن پر متعلقہ اداروں کو مبارک باد دیتا ہوں حمزہ شہباز
لاہور (آئی این پی) وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے غیر جانبدار اور شفاف ضمنی انتخابات کے انعقاد پر متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا پرامن ضمنی انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں نے محنت کی، ووٹرز نے پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ان کا کہنا تھا کچھ مقامات پر ناخوشگوار واقعات پیش آئے جس پر فوری ایکشن لیا گیا۔ 20 حلقوں میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال اطمینان بخش رہی۔ انہوں نے کہا پرامن ماحول میں ضمنی الیکشن کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے۔ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔ حمزہ شہباز نے کہا امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے ضروری وسائل بروئے کار لائے گئے اور الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق پر انتظامیہ اور پولیس نے عملدرآمد کرایا۔
حمزہ شہباز