• news

ایک شخص کی انا اور نااہلی نے معاشرے کا حسن تہہ و بالا کردیا وزیراعظم 

اسلام آباد (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام سے کہا عمران نیازی کی حکومت کے پونے 4سالہ سیاہ دور میں کرپشن، نا اہلی، معاشی تباہی، مافیا کی سہولت کاری و سرپرستی اور تبدیلی کے نام پر تباہی برپا کی گئی۔ پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان اپنی منزل سے دور ہوگیا۔ اتوار کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کو پونے4  سال بدترین گورننس کا نشانہ بنایا گیا۔ عوام کا ووٹ ہی اس کی طاقت ہے۔ وہ اس طاقت سے انتشار، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کر دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایک شخص کی انا، اندازِ سیاست اور نااہلی نے ہمارے معاشرے کے حسن کو تہہ و بالا کرکے رکھ دیا ہے۔ شہریوں کو مفت ادویات اور طلبہ کو وظائف سے محروم کیا گیا۔ گزشتہ دور میں سرکاری اسامیوں اور تبادلوں کی کھلے عام خریدو فروخت کی گئی۔ شہری سہولیات کی حالت ابتر اور لاقانونیت عروج پر رہی۔ گزشتہ دور میں پنجاب کی جو حالت کی گئی وہ صوبے کے لوگوں کی توہین سے کم نہیں۔ عمران نیازی کی ہر تقریر ان کے کسی عوامی عہدے کیلئے نا اہل ہونے کا ثبوت ہے۔ اقتدار کی ہوس میں عمران نیازی میکاویلین سیاست کا شرمناک باب رقم کر رہا ہے۔ پی ٹی آئی نے ان کی براہ راست سر پرستی میں قومی اداروں پر کیچڑ اچھالنے کی منظم مہم چلائی، جس سے پاکستان کو نا قابلِ تلافی نقصان پہنچا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ہکلا ٹول پلازہ پر ٹریفک کے رش کا نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم نے ٹول پلازہ پر ٹول بوتھز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم نے ہکلا ٹول پلازا پر ایم ٹیگ سسٹم آپریشنل کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے ضمنی انتخابات کے نتائج اور آئندہ کے سیاسی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف ‘ سردار ایاز صادق‘ خواجہ سعد رفیق‘ عطا تارڑ و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

شہباز شریف

ای پیپر-دی نیشن