شیخوپورہ: انتخابی جشن کے دوران سیاسی جماعتوں میں فائرنگ‘ راہگیر حافظ قرآن بچہ جاں بحق
لاہور‘ شیخوپورہ (نیوز رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی، نمائندہ نوائے وقت) تھانہ اے ڈویژن کے علاقہ محلہ پیر بہار شاہ (چاندنی چوک) میں ضمنی انتخاب کی گنتی مکمل ہونے سے قبل تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ سے 13 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ تحریک انصاف کا کارکن مقبول جٹ شدید زخمی ہوگیا۔ مقبول جٹ گورنمنٹ گرلز کالج پیر بہار شاہ میں تحریک انصاف کی طرف سے پولنگ ایجنٹ بھی تھا۔ بتایا گیا ہے کہ چاندنی چوک میں تحریک انصاف کے کارکنان اپنے پولنگ سٹیشن سے جیت کا جشن منارہے تھے کہ فائرنگ شروع ہوگئی جس سے 13سالہ حافظ قرآن فیضان جاںبحق جبکہ مقبول احمد جٹ شدید زخمی ہوگیا۔ مقبول جٹ کی حالت تشویشناک ہونے کی بنا پر انہیںلاہور ریفر کردیا گیا ہے۔ جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل مختار نے فائرنگ کے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کیخلاف مقدمہ کے اندراج اور انہیں گرفتار کا حکم دیدیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے شیخوپورہ میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ انہوں نے فائرنگ سے راہگیر بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق بچے کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
فائرنگ/ حافظ قرآن بچہ جاں بحق