سیشن عدالتوں سے توڑ پھوڑ کے 15 مقدمات میں عمران کی ضمانت منظور
اسلام آباد (وقائع نگار) ڈسٹرکٹ کورٹس نے پی ٹی آئی مارچ اور توڑ پھوڑ کے15 مقدمات میں عمران خان کی ضمانت منظور کر لی۔ گذشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت مفتی کی عدالت میں 10 مقدمات میں وکیل نے عمران خان کے استثنی کی درخواست دی، جسے منظور کر لیا گیا اور عدالت نے تھانہ گولڑہ، ترنول، کوہسار، سیکرٹریٹ، آبپارہ، کراچی کمپنی اور تھانہ انڈسٹریل ایریا میں درج مقدمات میں 21 جولائی تک کیلئے عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔ ادھر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالغفور کاکڑ نے 5 مقدمات میں درخواست ضمانت قبل ازگرفتاری کی سماعت پر عدالت نے پانچ پانچ ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض 5 مقدمات میں عمران خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔