عوام نے ووٹ کی طاقت سے غلامی کو مسترد کر دیا :مہر لطیف
قصور (نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر پی پی 177 مہر لطیف نے کہا کہ الیکشن میں تحریک انصاف کی تاریخی فتح پر تاریخی جشن کارکنان کا حق بنتا ہے، پنجاب کو ن لیگ کا گڑھ کہنے والے حیرت میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیت کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن نے ثابت کر دیا کہ عمران خان کا بیانیہ حقیقت پر مبنی تھا، عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے عمران خان کا ساتھ دیتے ہوئے غلامی کو مسترد کر دیا ہے، عمران خان کے مسلسل جدوجہد کی وجہ سے پاکستانی عوام با شعور ہو چکے ہیں اب تخت لاہور ن لیگ سے ہمیشہ کیلئے چھن چکا ہے، آنے والے جزل الیکشن میں عمران خان دو تہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے ملک کو حقیقی آزادی دلائے گا، عمران خان کے نئے پاکستان میں آزاداور خود مختار خارجہ پالیسیاں ہوں گی۔