کشمیریوں نے یوم الحاق پاکستان منایا ، حق خوداریت کیلئے حمایت جاری رکھیں گے ، صدر، وزیراعظم
اسلام آباد؍ سرینگر؍ مظفر آباد (نمائندہ خصوصی+ کے پی آئی+ آئی این پی) کنٹرول لائن کے دونوں جانب پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں نے یوم الحاق پاکستان منایا۔ ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کئے۔ مقررین نے بھارتی جبر کیخلاف نعرے لگائے اور حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ بھی کیا۔ بھارتی فورسز نے جموں اور راجوری اضلاع میں 7 افراد کوگرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس نے گرفتار ہونے والوں پر عسکریت پسندی کا الزام لگایا ہے۔ خطہ متارکہ کے دونوں طرف منگل کو 75 واں یوم الحاق پاکستان منایا گیا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر میں عام تعطیل رہی جبکہ خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ یوم الحاق پاکستان اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی اور جموں و کشمیر کے پاکستان میں مکمل انضمام تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ جبکہ زیر تسلط کشمیر کی ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت 2 کشمیریوں کی قید کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو انکی رہائی کا حکم جاری کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں وکشمیر میں بھارتی قابض فوجیوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری جنگی جرائم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد کریں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیریوں کے عزم آزادی کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری نسل در نسل اپنے جائز اور منصفانہ حق خود ارادیت کے حصول کیلئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔ بھارتی ریاستی مظالم اس مزاحمت پر قربانی اور عزم کو ماند نہیں کر سکے۔ ہم کشمیریوں کے اس عظیم جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں ظلم، تفریق اور ناانصافی کے باوجود کشمیریوں کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پیغام کہا ہے کہ 1947 سے شروع ہونے والی جدوجہد آج بھی جاری ہے اور اس جدوجہد میں پاکستان کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کرتا رہے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے یوم الحاق پاکستان پر پیغام جاری کرتے ہوئے کشمیریوں کے عزم آزادی کو سلام پیش کیا ہے۔ پیغام میں کہا کہ 9 لاکھ سے زائد بھارتی قابض فوج کشمیریوں کا عزم آزادی متزلزل کرنے میں ناکام رہی ہے اور وقت گزرنے کیساتھ کشمیریوں کے جذبہ آزادی میں اضافہ ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل اور استصواب رائے کے منصفانہ حق کے حصول تک پاکستان کشمیریوں کی ہر ممکن مدد کرتا رہے گا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں ظلم، تفریق اور ناانصافی کے باوجود کشمیریوں کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا، آج ہم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے ان کی جدوجہد میں اپنی حمایت کی تجدید کرتے ہیں، پاکستان کشمیریوں کو ان کے حق ِخودارادیت کے لیے اپنی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔