• news

فورٹ منرو ‘ غیر ملکی لڑکی کا ٹورسٹ گائیڈز پر زیادتی کا الزام‘ دونوں گرفتار


ڈیرہ غازی خان‘ منڈا چوک (بیورو رپورٹ+ نامہ نگار) سیاحتی مقام فورٹ منرو میں پرائیویٹ ٹورسٹ گائیڈز کی مبینہ طور پر غیر ملکی لڑکی سے زیادتی، بی ایم پی تھانہ فورٹ منرو نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی۔ بی ایم پی حکام سے ملنے والی معلومات کے مطابق وینزویلا سے تعلق رکھنے والی عربیلا نامی لڑکی نے الزام عائد کیا کہ ضلع راجن پور سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان نے فورٹ منرو میں اسے مقامی ہوٹل میں زیادتی کا نشانہ بنایا۔ تھانہ فورٹ منرو پولیس نے متاثرہ لڑکی کی بذریعہ قونصلیٹ آنے والی درخواست پر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے اور دو ملزمان مزمل شہزاد اور عابد کو راجن پور کے علاقے سے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے فورٹ منرو میں غیر ملکی خاتون سیاح سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ملزموں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ یہ امر خاص طور پر قابل ذکرہے کہ محکمہ داخلہ کی جانب سے ضلع ڈیرہ غازیخان کی حدود میں داخلہ پر پابندی عائد ہے۔

ای پیپر-دی نیشن