ریکارڈ اضافہ ، ڈالر مزید 8روپے مہنگا ، سٹاک مارکیٹ میں شدید مندا
کراچی‘ اسلام آباد (کامرس رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) کاروباری ہفتہ کے دوسرے روز بھی ڈالرکی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری رہا اور پاکستانی روپیہ بد ترین گراوٹ کا شکار ہوا، انٹر بینک میں ڈالر7.30روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر8 روپے تک مہنگا ہو گیا۔ فاریکس ڈیلرز کی رپورٹ کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 7.30روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 215.70 روپے سے بڑھ کر223 روپے ہو گئی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 8روپے مہنگا ہو گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید 214 روپے سے بڑھ کر 222 روپے اور قیمت فروخت 216روپے سے بڑھ کر 224 روپے پر جا پہنچی۔ ڈالر مہنگا ہونے سے قرضوں کے بوجھ میں 1400 ارب روپے اضافہ ہو گیا۔ دریں اثناء ملک میں سیاسی عدم استحکام کے باعث امریکی ریٹنگز ایجنسی فچ نے پاکستان کا آؤٹ لک مستحکم سے منفی کر دیا۔ فچ کی جانب سے جاری رپورٹ میں بڑھتے سیاسی عدم استحکام‘ کمزور حکومتی اتحاد اور جلد الیکشن کو آؤٹ لک بدلنے کا سبب بتایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق منفی ریٹنگ پاکستان کی سال 2022ء کے آغاز سے بگڑتی لیکوڈٹی اور بیرونی فنڈنگ صورتحال کی عکاسی کرتی ہے۔ فچ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدے پر عملدرآمد اور جون 2023 کے بعد فنڈنگ کا حصول مشکل نظر آتا ہے جبکہ زرمبادلہ ذخائر پر کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے باعث دباؤ ہے۔ فچ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مہنگے ایندھن کے سبب مہنگائی کی شرح بلند رہے گی۔ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی بڑا اضافہ ہوا۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت میں 2800 روپے اضافہ ہوا ہے۔ 2800 روپے اضافے کے بعد ملک میں ایک تولہ سونا 1 لاکھ 45 ہزار 200 روپے کا ہو گیا ہے۔ دس گرام سونا 2400 روپے اضافے سے ایک لاکھ 24 ہزار 485 روپے کا ہو گیا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا منفی دن رہا اور 100 انڈیکس 978 پوائنٹس کم ہو کر 40 ہزار 389 پر بند ہوا۔ کاروبار میں زبردست مندا رہا۔ کاروباری دن میں 00 انڈیکس 1336 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا‘ بازار میں آج 19 کروڑ 48 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے۔ شیئرز بازار کے کاروبار کی مالیت 5 ارب 78 کروڑ روپے رہی‘ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 137 ارب روپے کم ہو کر 6808 ارب روپے ہے۔ سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے مزید 1 کھرب 37 ارب روپے ڈوب گئے۔