• news

اساتذہ بچوں کو دنیاوی کے ساتھ دینی تعلیم سے بھی آراستہ کریں: امان اللہ چھینہ

حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر امان اللہ چھینہ نے کہا ہے کہ اساتذہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ بچوں کو دینی تعلیم سے بھی آراستہ کریں ہر اُستاد پر اپنے شاگردوں کو قرآن وسنت کی تعلیم دینا فرض ہے۔ وہ ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر ضمیر الحسن کی قیادت میں ملاقات کے لیے آئے وفد سے بات چیت کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے۔وفد میں ممتاز ماہرین تعلیم ظفر اقبال بھٹی، محسن اعجاز تارڑ، رائے عدنان قیصر، ملک فیصل ذوالفقار، زبیر چشتی، عدنان اعجاز عدن، عمیر سندھو، رائے پرویز اقبال، عرفان ظفر ہنجرا، افضال حسین تارڑ و دیگر شامل تھے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر امان اللہ چھینا کا کہنا تھا کہ آج کل معاشرے میں ہر ایک شخص ذہنی پر یشانی اور مسائل کا شکار ہے۔ اس کی سب سے بڑی وجہ دینی تعلیم سے دوری ہے۔ انہوں نے کہا والدین کو بچوں کی دنیاوی تعلیم کی تو بہت فکر رہتی ہے ۔لیکن دینی تعلیم کی طرف توجہ نہیں دی جاتی ۔جس کی وجہ سے معاشرے میں عزت احترام سب ختم ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اساتذہ پر یہ فرض ہے کہ اپنے زیر نگرانی پڑھنے والے ہر بچے کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم بھی دیں اور بچوں کو ذہن نشین کرائیں کہ وہ نیا کے لیے نہیں بھیجے گئے بلکہ ان کے لیے دینا امتحان گاہ بنائی گئی ہے۔ انھوں نے ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے اراکین کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ینگ ٹیچرز ایسوسی ایشن اساتذہ حقوق کیلئے اہم کردار ادا کررہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن